ٴرحیم یارخان: تجاوزات آپریشن پر سابق ایم این اے اور ایڈمنسٹریٹر آمنے سامنے، ہاتھا پائی تک نوبت

Eلیگی کارکنوں نے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی کا دفتر گھیر لیا، پولیس اور پیرافورس طلب، میاں امتیاز احمد کی ہنگامی پریس کانفرنس، ایڈمنسٹریٹر پر کرپشن کے سنگین الزامات

ہفتہ 20 ستمبر 2025 20:20

ٴرحیم یارخان: تجاوزات آپریشن پر سابق ایم این اے اور ایڈمنسٹریٹر آمنے ..
)رحیم یارخان (آن لائن)رحیم یارخان میں تجاوزات کے خلاف آپریشن نے سیاسی کشیدگی کو ہوا دے دی۔ سابق ممبر قومی اسمبلی و مسلم لیگ (ن) کے ضلعی جنرل سیکرٹری میاں امتیاز احمد اور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی عرفان انور کے درمیان دفتر میں شدید تلخ کلامی کے بعد نوبت ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔ذرائع کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کی جانب سے شہر میں بار بار کیے جانے والے تجاوزات کے خلاف آپریشن پر میاں امتیاز احمد نے ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی، تاہم جواب نہ ملنے پر وہ متاثرین کے ہمراہ دفتر پہنچ گئے۔

وہاں شکوہ کرنے پر ایڈمنسٹریٹر نے مبینہ طور پر سخت رویہ اختیار کیا جس پر تنازع بڑھ گیا۔ تاہم چیف آفیسر میونسپل کمیٹی نے بیچ بچاؤ کرایا۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد دفتر کے باہر جمع ہوگئی اور نعرے بازی شروع کردی۔

(جاری ہے)

صورت حال پر قابو پانے کے لیے پولیس اور پیرافورس بھی پہنچ گئی۔ ذرائع کے مطابق چھٹی پر گئے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے فریقین سے رابطہ کر کے معاملے کو ان کی واپسی تک مؤخر کرنے کی درخواست کی ہے۔

دوسری جانب میاں امتیاز احمد نے اپنی رہائش گاہ پر ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر پر سنگین الزامات عائد کر دیے۔ انہوں نے کہا کہ عرفان انور عوام دشمن اور کرپشن میں ملوث ہیں، اس لیے ان کے خلاف فوری کارروائی اور گرفتاری عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ دفتر میں پیش آنے والے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر لائی جائے۔سابق ایم پی اے محمود الحسن چیمہ اور لیگی رہنماؤں میاں خالد شاہین و دیگر نے بھی ایڈمنسٹریٹر کے رویے کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سے کارروائی کا مطالبہ کیا۔واضح رہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے جس پر تاجروں میں بھی تشویش پائی جاتی ہے۔