Live Updates

مریم نواز نے بڑے تکبر میں کہا کہ عمران خان کا دور ختم ہوگیا اور دنیا آگے بڑھ گئی ہے

مریم بی بی کو چیلنج ہےکہ الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلڈ دیں اور پھر تینوں اتحادی جماعتیں 10 نشستیں بھی جیت کر دکھا دیں؟ مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 20 ستمبر 2025 20:53

مریم نواز نے بڑے تکبر میں کہا کہ عمران خان کا دور ختم ہوگیا اور دنیا ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 20 ستمبر 2025ء ) مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مریم نواز نے بڑے تکبر میں کہا کہ عمران خان کا دور ختم ہو گیا اور دنیا آگے بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ مریم نواز نے بڑے غرور اور تکبر کے ساتھ کہا کہ عمران خان کا دور ختم ہو گیا ہے اور دنیا آگے بڑھ گئی ہے۔

مریم بی بی! میں آپ کا چیلنج قبول کرتا ہوں۔نواز شریف نے جس طرح "ووٹ کو عزت دو" کو جھوٹا بیانیہ بنایا، وہ سب کے سامنے ہے۔ آپ نے ووٹ چوری کر کے حکومت بنائی ہے۔ آپ کا چیلنج منظور ہے، نیوٹرل امپائر کے ساتھ صاف اور شفاف الیکشن کروائیں، ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سمیت تمام اتحادی ایک ساتھ ہوں، ہمیں صرف لیول پلیئنگ فیلڈ دیں.آپ صرف دس نشستیں جیت کر دکھا دیں۔

(جاری ہے)

اگر آپ اپنے قول میں سچے ہیں تو ہمارا چیلنج قبول کریں.آپ صاف اور شفاف الیکشن کروائیں، عوام کے پاس جا کر مینڈیٹ لیں، آپ کو پتہ چل جائے گا۔ حرمین شریفین ہمارے عقیدے، اعتقاد اور عوامی جذبات سے جُڑے ہیں.یہ کسی پارٹی کا معاہدہ نہیں، بلکہ ریاست سے ریاست کا معاہدہ ہے. پاکستان تحریک انصاف نے سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے. اس پر سیاست نہ کریں، یہ پاکستانی عوام کی حرمین شریفین کے ساتھ کمٹمنٹ ہے. پاکستان کے عوام حرمین شریفین کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔

یاد رہے گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سرگودھا میں الیکٹروبس پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج عالمی ادارے پاکستان کی معیشت میں بہتری اور مہنگائی کم ہونے کی باتیں کرتے ہیں۔ آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی پر دنیا بھر میں پاکستان کی دھاک بیٹھ گئی۔ ایک شخص جگہ جگہ جاکر لڑائیاں کراتا تھا، اب سیاسی اور عسکری قیادت نیک نیت لوگوں پر مشتمل ہے۔

شہباز شریف کو ہی نہیں بلکہ پاکستان کو سعودی عرب میں سلامی دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ لوگ جنہوں نے مسجد نبوی اور شہباز شریف اور وفد کی تضحیک کی کوشش کی آج نامراد ہیں۔ نبیؐ کے سامنے آواز اونچی کرنے کی اجازت نہیں اور شرپسند نعرے لگاتے رہے۔آج مسجد نبوی اور حرم پاک میں وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف صاحب کواللہ نے عزت دی۔

شہباز شریف صاحب کی سعودی عرب میں تاریخی عزت افزائی کی گئی۔ ایک پرائم منسٹر ہواکرتا تھا جس کو جہاز سے اتار کر کہا گیا کہ جاؤ بھائی۔ محمد نواز شریف کے بھائی شہباز شریف کو سعودی عرب کی فضاؤں میں جنگی طیاروں نے سلامی دی۔سعودی عرب نے پاکستان کے لئے تعریفی گانا بنا کرریلیز کیا۔ سعودیہ میں سبز پرچموں کی بہار تھی، عزت افزائی کی وجہ حکمران کا دھرتی سے پیار ہے۔ اللہ کے فضل و کرم سے سبز پاسپورٹ کی عزت بڑھی ہے۔ محض نعرے مارنے سے عزت نہیں ملتی، کبھی عسکری ادارے اور کبھی دوسروں کا نام لیکر ٹوئٹ کرنے سے عزت نہیں ملتی۔ دنیا بدل چکی ہے پاکستان آگے بڑھ چکا اور وہ شخص قصہ پرینہ بن چکا ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ کسی کے نصیب میں عزت آئی اور حرم پاک کی پاسبانی کا شرف ملا۔ 
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات