غزہ: یونیسف کا امدادی ٹرک گن پوائنٹ پر لوٹ لیا گیا

یو این ہفتہ 20 ستمبر 2025 21:45

غزہ: یونیسف کا امدادی ٹرک گن پوائنٹ پر لوٹ لیا گیا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 20 ستمبر 2025ء) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) نے غزہ میں انسانی امداد کو تحفظ دینے کا مطالبہ کیا ہے جہاں غذائی قلت کا شکار بچوں کے لیے آنے والی خصوصی امدادی خوراک کے ٹرک لوٹ لیے گئے ہیں۔

امداد لوٹے جانے کا واقعہ غزہ شہر میں یونیسف کی عمارت کے قریب پیش آیا جہاں اس وقت اسرائیل کی عسکری کارروائی بھی جاری ہے۔

ادارے نے بتایا ہے کہ مسلح افراد نے دھاوا بول کر چار ٹرکوں کے ڈرائیوروں کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا لیا اور انہیں وہاں سے دور لے گئے۔ بعدازاں انہوں نے ٹرکوں پر لدی مقوی خوراک اتار لی اور ڈرائیوروں کو آزاد کر دیا۔

ستائیس سو بچے متاثر

یونیسف نے کہا ہے کہ اس واقعے کے نتیجے میں شدید غذائی قلت کا شکار کم از کم 2,700 بچے مقوی غذا سے محروم رہیں گے جبکہ علاقے بھر میں خوراک کی شدید کمی ہے اور شمالی غزہ میں قحط پھیل چکا ہے۔

(جاری ہے)

غزہ شہر پر اسرائیل کے حالیہ حملوں کے نتیجے میں لوگوں کی بڑی تعداد نقل مکانی کر رہی ہے اور ان حالات میں بچے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

ادارے نے غزہ میں متحارب فریقین اور عام لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ انسانی امداد کو تحفظ دیں اور بین الاقوامی امدادی قانون کا احترام کریں۔ بچے اس جنگ میں سب سے زیادہ نقصان اٹھا رہے ہیں جنہیں تحفظ دینے کی ہرممکن کوشش کی جانی چاہیے۔

یونیسف نے واضح کیا ہے کہ بالآخر پائیدار جنگ بندی کے نتیجے میں ہی ایسا ماحول تشکیل پا سکتا ہے جس میں یہ واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں اور امداد محفوظ، فوری اور موثر طور پر ان لوگوں تک پہنچ سکے جنہیں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔