صوبائی وزیر تعلیم نے سکولوں میں ایک ماہ کیلئے سمر کیمپ کے انعقاد کی اجازت دے دی

بدھ 11 جون 2025 16:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سکولوں کو ایک ماہ کیلئے سمر کیمپ کے انعقاد کی اجازت دے دی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ خواہشمند سکول 16جون سے 15جولائی تک ایک ماہ کیلئے سمر کیمپ لگا سکتے ہیں، سمر کیمپ کیلئے 30روز سے زیادہ کے انعقاد کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ کسی سکول کو سمر کیمپ کیلئے الگ فیس لینے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم نے سمر کیمپ کی اجازت سے متعلق ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سمر کیمپ کا دورانیہ صبح 7سے 10بجے تک ہوگا جبکہ طلبا یونیفارم سے استثنیٰ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ سمر کیمپ کے انعقاد کیلئے ضروری ہے کہ سکولز گرمی سے حفاظت کا انتظام رکھیں اور گرمی سے بچائو سے متعلق فرسٹ ایڈ، صاف پانی سمیت تمام متعلقہ بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔ رانا سکندر حیات نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو بھی ہدایت کی کہ تمام سی ای اوز سمر کیمپ کے دوران سکولوں کی مانیٹرنگ اور سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیتے رہیں۔ وزیر تعلیم نے واضح کیا کہ سمر کیمپ میں شرکت کیلئے کسی طالبعلم پر زبردستی کی اجازت نہیں۔