لاہور میں بس کی چھت پر سفر کیخلاف ضلعی انتظامیہ کا کریک ڈاون، 40 ہزار روپے کے جرمانے عائد

بدھ 11 جون 2025 17:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) ضلعی انتظامیہ لاہور نے بسوں کی چھت پر خطرناک اور غیر قانونی سفر کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں، جن کے نتیجے میں 40 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کیمطابق یہ کریک ڈاون ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز اور سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی زیر نگرانی کیا گیا۔

بسوں کی چھت پر سفر کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔سیکرٹری آر ٹی اے کے مطابق خطرناک سفر کی حوصلہ شکنی کے لیے آگاہی مہم بھی جاری ہے تاکہ عوام کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دی جا سکے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر لاہور نے واضح کیا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ٹرانسپورٹ قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے، اور ضلعی انتظامیہ شہریوں کی سلامتی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور چھت پر سفر سے مکمل اجتناب کریں۔ڈی سی لاہور نے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی قانونی اور سماجی ذمہ داریاں پوری کریں، بصورت دیگر سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔خطرناک اور غیر قانونی سفر کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی،ڈپٹی کمشنر سید موسی رضا نے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ شہری اپنی اور دوسروں کی زندگی کا خیال رکھیں۔