Live Updates

پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس،بجٹ پر تکنیکی بریفنگ نہ دینے پر صحافیوں کا احتجاجاً واک آؤٹ

بدھ 11 جون 2025 17:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے قبل تکنیکی بریفنگ نہ دینے پر صحافیوں نے احتجاجاً واک کردیا۔اسلام آباد میں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کے آغاز میں ہی صحافی اپنی نشستوں پر کھڑے ہوئے اور بجٹ پر تکنیکی بریفنگ نہ دینے پر شدید احتجاج کیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ایف بی آر کی جانب سے نئے بجٹ پر گزشتہ روز تکنیکی بریفنگ نہیں دی گئی تھی جس پر پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کے آغاز میں ہی صحافیوں نے احتجاج شروع کردیا اور چیئرمین ایف بی آر سے معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا۔

صحافیوں نے موقف اپنایا کہ بجٹ پر تکنیکی بریفنگ نہ دے کر ٹیکسز سے متعلق حقائق چھپانے کی کوشش کی گئی ہے۔صحافیوں کے واک آؤٹ کے بعد چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال اور دیگر حکام اپنی نشستیں چھوڑ کر صحافیوں کو منانے ان کے پاس گئے۔چیئرمین ایف بی آر کی جانب سے صحافیوں کو منانے کی کوششیں کامیاب نہ ہونے کے بعد وزیر خزانہ نے سینئر صحافیوں کی غیر موجودگی میں ہی پریس کانفرنس شروع کردی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات