Live Updates

&جعلی وفاقی حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو فارم 47 کی طرز پر جعلی ریلیف دیا ہے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

بدھ 11 جون 2025 19:45

۹پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2025ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وفاقی حکومت کے پیش کردہ حالیہ بجٹ پر اپنے رد عمل کا اظہا رکرتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی وفاقی حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو فارم 47 کی طرز پر جعلی ریلیف دیا ہے۔مہنگائی کی شرح کے مقابلے میں تنخواہوں میں کیا گیا اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے، یہ بجٹ غریب عوام کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ پٹرول اور بجلی پر ٹیکس میں اضافہ مہنگائی کے ایک نئے طوفان کو جنم دے گا۔پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے تمام اشیاء ضروریہ مہنگی ہو جاتی ہیں۔توانائی کے متبادل ذرائع سولر پینل، پر بھی ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے۔ اب سولر پینل بھی غریب عوام کی پہنچ سے باہر ہو گئے ہیں،مہنگی ترین بجلی، طویل لوڈشیڈنگ اور اب سولر پینل پر ٹیکس غریب جائیں تو کہاں جائیں۔

(جاری ہے)

یہ بجٹ غریب عوام کا نہیں بلکہ شریف خاندان کے بزنس ونگ کا بجٹ ہے۔بہتر ہوتا کہ یہ بجٹ جاتی امرا یا لندن کے مے فئیر اپارٹمنٹ میں پیش کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے تنگ عوام کو بجٹ میں کوئی ریلیف نہیں دیا گیا ہے بلکہ بجٹ سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا کیونکہ بجٹ میں مختلف ٹیکس لگائے گئے ہیں۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ مینڈیٹ چور حکومت کو عوام کی مشکلات کی کوئی فکر نہیں ہے۔

ایک طرف دعوے کررہے ہیں کہ مہنگائی کو قابو کیا گیا ہے جبکہ دوسری طرف بجٹ میں ٹیکسوں کی بھرمار کی ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت کل بجٹ پیش کرے گی جو ٹیکس فری ہوگا اور حقیقی معنوں میں عوام دوست اور غریب دوست بجٹ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کے ہاتھوں عوام کے صبر کا پیمانہ پہلے ہی سے لبریز ہوچکا ہے اب عوام میں مہنگائی سہنے کی سکت نہیں ہے۔ جعلی حکومت کے بجٹ سے امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہوگا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات