شہریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے جمعیت ہر ممکن اقدام کرے گی ،حافظ حسین احمد شرودی

ْکسی بھی قسم کی زیادتی اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی، امیر جے یو آئی کوئٹہ

بدھ 11 جون 2025 22:15

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء) جمعیت علما اسلام ضلع کویٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا حافظ حسین احمد شرودی ضلعی سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد طاہر توحید ی مولانا سعید احمد مولانا مفتی عبدالباقی بڑیچ مولانا محمد اکبر مینگل مولانا مفتی محمد رضا خان مولانا محمد عثمان پرکانی مولانا حافظ احمد جان ساسولی مولانا قاری نظر محمد حقانی مولانا حاجی محمد عسی مولانا عبدالمجید امین جان رند ملک روز الدین کاکڑ نصیب اللہ اغا ایڈوکیٹ عبدالباری شہزاد اور حافظ حبیب الرحمن نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ نے داڑھی اور پگڑی والے پشتونوں کو مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز اور اہلکاروں کی جانب سے مہاجرین کی آڑ میں ہراساں کرنے، تنگ کرنے اور بھاری رشوت لے کر اپنی جیبیں بھرنے کے عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

یہ عمل نہ صرف غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہے بلکہ سنت رسول کی توہین اور پشتون قوم کو دانستہ طور پر نشانہ بنانے کے مترادف ہے انہوں نے کہا کہ اہلکاروں نے مہاجرین کو بھی کمائی اور رشوت ستانی کا ذریعہ بنا لیا ہے، جس سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہو رہی ہے اس کے علاوہ، جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ کو یہ بھی تشویش ہے کہ مدارس کے ان ننھے طلباء کو بھی اہلکاروں کی جانب سے بلاوجہ تنگ کیا جا رہا ہے جن کی عمریں ابھی شناختی کارڈ بنانے کی حد کو نہیں پہنچی ہیں۔

یہ نہ صرف غیر انسانی فعل ہے بلکہ تعلیمی اداروں اور طلباء کے تقدس کی پامالی ہے انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ اس بات پر زور دیتی ہے کہ داڑھی اور پگڑی رکھنا ہر مسلمان کا مذہبی حق ہے اور سنت رسول ؐ کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ ایسے غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدامات کا فوری نوٹس لیں اور ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کریں۔

مہاجرین کی آڑ میں کی جانے والی اس لوٹ مار اور ہراسانی کو فوری طور پر روکا جائے اگر مستقبل میں اس قسم کی کوئی بھی شکایت موصول ہوتی ہے، تو جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ متعلقہ اہلکاروں کی تفصیلات حاصل کرکے ان کی شکایات کو میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے متعلقہ حکام تک پہنچائے گی اور ضرورت پڑنے پر تمام قانونی و آئینی راستے اختیار کرے گی انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ واضح کرتی ہے کہ وہ اپنے شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی اور کسی بھی قسم کی زیادتی اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔