وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز کے انٹرڈویژن مقابلوں کی افتتاحی تقریب آج(جمعرات )ہوگی ،ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب

جمعرات 12 جون 2025 00:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری کی زیر صدارت وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہواہے، بدھ کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہونیوالے اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈمن ڈاکٹر محمد کلیم، ڈائریکٹر سپورٹس رانا ندیم انجم، تمام وینیوز کے انچارج اور ایڈمنسٹریٹرز نے شرکت کی ہے، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز کے انٹرڈویڑن مقابلوں کی رنگارنگ افتتاحی تقریب آج بروز جمعرات کو جمنازیم ہال نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں ہوگی، صوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے،افتتاحی تقریب میں پنجاب کے تمام ڈویڑنز سے شرکت کرنیوالی ٹیموں کے کھلاڑی مارچ پاسٹ کریں گے،جس کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے،انہوں نے مزید کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز کے انٹرڈویڑن مقابلوں میں پنجاب بھر سے702گرلز اینڈ بوائزکھلاڑی شریک ہوں گے، سمر گیمز کے فائنل مرحلے میں کھلاڑیوں میں 75لاکھ کے انعامات تقسیم کئے جائیں گے،وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز سے کھیلوں کا نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا،وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو ہرممکن سہولیات دی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے افتتاحی تقریب کے وینیو جمنازیم ہال کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز کے انٹرڈویڑن مرحلے میں والی بال، کبڈی، بیڈمنٹن اور ہاکی کے مقابلے 12سے 18جون تک نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں ہوں گے۔