Live Updates

پنجاب حکومت انڈسٹریل اسٹیٹس کے حوالہ سے نئی پالیسی لا رہی ہے،صوبائی وزیر صنعت

جمعرات 12 جون 2025 00:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے داروغہ والا انڈسٹری اونرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت چیئرمین ایسوسی ایشن شعبان اختر کر رہے تھے۔ملاقات میں داروغہ والا انڈسٹری کو درپیش مسائل پر بات چیت ہوئی۔ وفد نے داروغہ والا انڈسٹریل کلسٹر کو انڈسٹریل زون/صنعتی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا۔

چیئرمین ایسوسی ایشن شعبان اختر کا کہنا تھا کہ ہمارے انڈسٹریل کلسٹر میں 2ہزار سے زائد صنعتی یونٹس ہیں جو ہزاروں لوگوں کو روزگار فراہم کر رہا ہے ، داروغہ والا پاکستان کا قدیم ترین انڈسٹریل کلسٹر ہے جو شکستہ حال انفراسٹرکچر کے مسائل سے دو چار ہے۔ وفد نے داروغہ والا انڈسٹریل کلسٹر میں صنعتی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

چوہدری شافع حسین نے وفد کو پنجاب حکومت سے متعلقہ مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہو ئے متعلقہ حکام کو صنعتی کلسٹر کا وزٹ کرکے مسائل کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔انہوں نےکہا کہ پنجاب حکومت انڈسٹریل اسٹیٹس کے حوالہ سے نئی پالیسی لا رہی ہےجس کے تحت انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی یونٹس لگانے کیلئے پلاٹوں کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی۔ نئی پالیسی وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد نافذ العمل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ داروغہ والا کے صنعتکار انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی یونٹس لگانے کیلئے اپلائی کرسکتے ہیں۔ سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری پر خصوصی مراعات دی جارہی ہیں۔انہوں نے داروغہ والا انڈسٹریل کلسٹر میں انفراسٹرکچر کی بہتری اور سہولیات کی فراہمی کے لئے متعلقہ حکام سے فون پر بات چیت بھی کی۔ وفد نے داروغہ والا انڈسٹریل کلسٹر کے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے پر چوہدری شافع حسین کا شکریہ ادا کیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری کامرس ، ڈائریکٹر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن بھی ملاقات میں موجود تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات