بدنیتی اور بے بنیاد اطلاع پرعملدرآمد روکنے کیلئے تمام صوبائی محکموں کو ایڈوائزری جاری

صوبائی محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ معلومات طلب کرنے والے شخص یا ادارے کے بارے میں تحقیقات کریں

جمعرات 12 جون 2025 15:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء)محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے وفاقی حکومت کی ہدایت پر بدنیتی اور بے بنیاد اطلاع پر عملدرآمد روکنے کے لیے تمام صوبائی محکموں کو سائبر سیکیورٹی ایڈوائزری جاری کردی۔ محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے جاری کیے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ تمام صوبائی محکمے سوشل میڈیا پر ملنے والی اطلاع پر فوری عمل نہ کریں اور مکمل چھان بین کریں، کسی بھی غیر متعلقہ شخص یا ادارے کو اہم معلومات فراہم نہ کریں۔

(جاری ہے)

صوبائی محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ معلومات طلب کرنے والے شخص یا ادارے کے بارے میں تحقیقات کریں، ذاتی سم پر سرکاری ای میل یا سوشل میڈیا اکاؤنٹ نہ کھولیں اور نہ ہی پرسنل سم پر سرکاری خط وکتابت کریں۔محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے جاری کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ اگر ذاتی سم پر سرکاری ای میل یا سوشل میڈیا اکاؤنٹ موجود ہے تو اسے فوری طور پر ختم کردیں تاکہ سرکاری علومات محفوظ رہے۔چیف سیکریٹری نے تمام صوبائی محکموں کو محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کا خط ارسال کردیا ہے، چیف سیکریٹری کا کہنا ہے کہ سائبر سیکیورٹی ایڈوائزری پر مکمل عملدرآمد کیا جائے تاکہ سرکاری ریکارڈ محفوظ رہ سکے۔