علاقائی اور مقامی تقریبات کے دوران بھی بسوں کی چھتوں پر مسافر نہیں ہونے چاہئیں،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 12 جون 2025 15:35

سانگلہ ہل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو کی زیر صدارت ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا اہم اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس اور ضلعی افسران نے شرکت کی ، اجلاس میں گاڑیوں کی چھتوں پر مسافروں اور سٹوڈنٹس کے بیٹھنے پر پابندی یقینی بنانے کیلئے لائحہ عمل طے کیا گیا ، اجلاس میں بسوں کی چھتوں پر مسافروں کی پابندی بارے آگاہی دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے کہا کہ علاقائی اور مقامی تقریبات کے دوران بھی بسوں کی چھتوں پر مسافر نہیں ہونے چاہئیں ، متعلقہ افسران کی زیرنگرانی مختلف سکواڈ ز تشکیل دے کر سخت نگرانی کی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گاڑیوں کی چھتوں پر مسافروں کو بیٹھانے پر مقدمات کا اندراج اور گاڑی کو بند کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ٹرانسپورٹ مالکان کو پابند کیا جائے کہ وہ کسی بھی صورت خلاف ورزی کے مرتکب نہ ہوں۔خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ضلع کی تمام نہروں میں نہانے پر پابندی عائد ہے ، تمام نہروں پر سکواڈ تعینات کیے جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس ، ہائی وے پولیس اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی باقاعدگی سے گاڑیوں کی چیکنگ کریں۔انہوں نے کہا کہ اوورلوڈنگ خطرناک حادثات کا سبب بنتی ہے ، انسانی جانوں کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر ، اسسٹنٹ کمشنرز ،سیکرٹری آر ٹی اے ، ڈی ایس پی ٹریفک ، ڈسٹر کٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔\378

متعلقہ عنوان :