صوبائی تھرو بال ایسوسی ایشن صوبے میں تھرو بال کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، ارشد حسین

جمعرات 12 جون 2025 16:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) خیبرپختو نخوا تھرو بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ارشد حسین نے کہا ہے کہ صوبائی تھرو بال ایسوسی ایشن صوبے میں تھرو بال کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ ڈسٹرکٹ انٹر کلب تھرو بال چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تھرو بال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ کو ابھارنے اور بروئے کار لانے کے لئے حکومت کا تعاون بہت ضروری ہے۔ دنیا میں کوئی بھی کھیل حکومتی اور سپانسرز کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا اور پرائیویٹ سیکٹرز کو کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں کی ترقی کے لئے بھی توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں تھرو بال کا کھیل مقبول ہو چکا ہے اور یہ کھیل تعلیمی اداروں میں عام کھیلا جا رہا ہے اور اس کھیل میں بوائز اور گرلز کھلاڑی بڑے شوق سے حصہ لے رہے ہیں۔ صرف کھلاڑیوں کو وسائل اور سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ نوشہرہ ڈسٹرکٹ انٹر کلب تھرو بال چیمپئن شپ میں یونائیٹڈ سٹار کلب نے پہلی اور شاہین کلب نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔