تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں سعود شکیل اور نعمان علی کی ترقی

ٹیسٹ نائب کپتان سعود شکیل آئی سی سی مینز ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ 10 میں شامل ہو گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 18 جون 2025 14:13

تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں سعود شکیل اور نعمان علی کی ترقی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 جون 2025ء ) لارڈز میں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023–25 کے فائنل میں جنوبی افریقہ کی آسٹریلیا کے خلاف شاندار فتح کے بعد تازہ ترین ICC ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں میں نمایاں حرکت دیکھنے میں آئی ہے۔
ٹیسٹ نائب کپتان سعود شکیل 739 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر چڑھتے ہوئے آئی سی سی مینز ٹیسٹ بیٹنگ ٹینکنگ کے ٹاپ 10 میں شامل ہو گئے ہیں۔

محمد رضوان 671 پوائنٹس کے ساتھ 16 ویں نمبر پر ہیں جبکہ بابر اعظم 651 پوائنٹس کے ساتھ 21 ویں نمبر پر برقرار ہیں۔
سلمان علی آغا 592 پوائنٹس کے ساتھ 31 ویں اور کپتان شان مسعود 542 پوائنٹس کے ساتھ 45 ویں نمبر پر ہیں۔
دیگر پاکستانی بلے بازوں میں عبداللہ شفیق 51 ویں، کامران غلام 81 ویں اور صائم ایوب 88 ویں نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

تازہ ترین ٹیسٹ بیٹنگ چارٹ میں سرفہرست انگلینڈ کے جو روٹ ہیں، اس کے بعد ہیری بروک اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم کو ڈبلیو ٹی سی فائنل میں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، وہ سات درجے اضافے کے ساتھ 11 ویں نمبر پر آگئے، وہ ٹاپ 10 میں آنے سے صرف دو پوائنٹس دور رہ گئے۔
ان کے ساتھی ڈیوڈ بیڈنگھم نے آسٹریلیا کے کیمرون گرین کے ساتھ پوزیشن شیئر کرتے ہوئے 17 مقامات کی نمایاں چھلانگ لگا کر 40 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
ٹیسٹ باؤلنگ رینکنگ میں پاکستان کے اسپنر نعمان علی نے شاندار انٹری دے کر ٹاپ فائیو میں جگہ بنالی ہے اور اب وہ 806 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔

ساجد خان اور شاہین آفریدی بالترتیب 21 ویں اور 23 ویں پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ محمد عباس 29 ویں نمبر پر ہیں۔
دیگر پاکستانی گیند بازوں میں ابرار احمد 52ویں، خرم شہزاد 64ویں، عامر جمال 72ویں، میر حمزہ 93ویں، سلمان علی آغا 95ویں اور زاہد محمود 97ویں نمبر پر ہیں۔
جنوبی افریقہ کے تیز گیند باز لونگی نگیڈی جنہوں نے ڈبلیو ٹی سی فائنل کی دوسری اننگز میں میچ وننگ اسپیل کیا، وہ 7 درجے ترقی کرکے 37 ویں نمبر پر پہنچ گئے جہاں اب وہ لہیرو کمارا اور نسیم شاہ کے ساتھ برابر ہیں۔

آسٹریلیا کے لیے تجربہ کار تیز گیند باز مچل سٹارک نے فائنل میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے اور شاندار نصف سنچری کے بعد باؤلنگ اور آل راؤنڈر کی درجہ بندی میں اضافہ کرتے ہوئے دونوں فہرستوں میں 10 واں مقام حاصل کیا۔
پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے ٹاپ سکورر آل راؤنڈر بیو ویبسٹر بیٹنگ رینکنگ میں 13 درجے اوپر پہنچ گئے۔
گیند بازوں میں ہندوستان کے جسپریت بمراہ بدستور نمبر ون ٹیسٹ باؤلر کے طور پر راج کر رہے ہیں، جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا دوسرے اور آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز تیسرے نمبر پر ہیں۔