میرے لیے دعا کریں کہ مزید کامیابی حاصل کروں: ارشد ندیم

اولمپک چیمپئن نے ایشین ٹائٹل کے بعد عالمی چیمپئن شپ کے اعزاز پر نظریں جما دیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 18 جون 2025 12:04

میرے لیے دعا کریں کہ مزید کامیابی حاصل کروں: ارشد ندیم
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 جون 2025ء ) جیولین تھرور ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ میری وجہ سے پاکستان کا نام جب بھی بلند ہوتا ہے مجھے خوشی ہوتی ہے، ہمیشہ کوشش رہتی ہے کہ میں کامیابی حاصل کروں اور پاکستان کا نام بلند سے بلند ہوتا جائے، فوربس 30 انڈر 30 کی فہرست میں نام آنے پر خوش ہوں پاکستان کو خوشی پر خوشی مل رہی ہے ، میرے لیے دعا کریں کہ مزید کامیابی حاصل کروں ۔

 
پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ کے موقع پر جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہو ئے ارشد ندیم نے کہا کہ آنے والے ایونٹس کے لیے محنت کر رہا ہوں ، مزید اعزازات ملیں گے ، میں نے عید کے بعد دوبارہ ٹریننگ شروع کر دی ہے ۔ 
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ ورلڈ چیمپئین شپ جو کہ ستمبر میں ہونا ہے اس سے قبل دو سے تین ایونٹس میں مجھے شرکت کرنا ہے ، انگلینڈ میں ٹریننگ بھی شیڈول کی جا رہی ہے ، ایشین ایتھلیٹکس چیمپئین شپ میں جو غلطیاں ہوئی ہیں ان پر کام کر رہا ہوں ۔

(جاری ہے)

 
ارشد ندیم نے کہا کہ پپچاس برسوں کے بعد ایشین ایتھلیٹکس چیمپئین شپ میں پاکستان کو گولڈ میڈل ملا ، جس پر میں بہت خوش ہوں، پیرس اولمپکس کے بعد پہلے ایونٹ میں کامیابی ملی، اب ورلڈ چیمپئین شپ ہدف ہے۔ 
اولمپئین گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ کا کہنا ہے کہ لاہور میں ٹریننگ جاری ہے ، سوئٹزرلینڈ میں ایک میٹ آ رہی ہے، اس کے لیے انٹری بھجوا رہے ہیں جس کے بعد انگلینڈ میں ایک ماہ کی ٹریننگ شیڈولڈ کی گئی ہے۔ 
سلمان اقبال بٹ نے کہا کہ پولینڈ میں سیزن کی آخری ڈائمنڈ لیگ میں شرکت کریں گے اور پھر ستمبر میں ورلڈ چیمپئین شپ سے قبل کوشش ہے کہ ارشد ندیم اپنی بہترین تھرو پر ہوں۔