ننکانہ صاحب ،مون سون کی تیاریوں اور ہیٹ ویو کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا

جمعرات 12 جون 2025 16:56

ننکانہ صاحب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو کی زیرصدارت مون سون کی تیاریوں اور ہیٹ ویو کے حوالے سے اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رائے ذوالفقار علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر ، اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنائیت ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 محمد اکرم پنوار سمیت تمام ضلعی اداروں کے سربراہان شریک تھے۔

متعلقہ افسران نے اجلاس کو ممکنہ سیلابی صورتحال کی روک تھام کے اقدامات ، مون سون کے انتظامات ، ہیٹ ویو سے بچاو کے اقدامات بارے اجلاس کو بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر دریا کے قریب غیر قانونی آبادیوں کو فوری نوٹس جاری کریں اور احکامات نہ ماننے والی تعمیرات کو گرا دیں۔

(جاری ہے)

متعلقہ ادارے ضلع کی شاہرات پر آندھیوں سے گرنے یا ٹیڑھے ہونے درختوں کو فی الفور ریموو کریں تاکہ مسافروں کو کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔انہوں نے میونسپل کمیٹیز اور ضلع کونسل کے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ گرمی بہت زیادہ ہے ، رش والے ایریاز میں فی الفور ہیٹ ویو کیمپ لگوائیں ، عوام الناس کے لیے آسانیاں پیدا کریں اور انہیں ہیٹ ویو کے مضر اثرات سے محفوظ رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ موسمی اثرات کے پیش نظر فلٹریشن پلانٹس کی ٹائمنگ ختم کریں ، فلٹریشن پلانٹس کو 24 گھنٹے چالو حالت میں رکھا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور میونسپل کمیٹیز کے افسران کو کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے تمام لاڑی اڈوں میں مسافروں کے پینے کے لیے ہمہ وقت صاف اور ٹھنڈا پانی وافر مقدار میں موجود رکھیں۔کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔واپڈا حکام مون سون شروع ہونے پہلے لٹکتی اور ننگی تاروں کو ریمو کرکے سرٹیفکیٹ میرے دفتر جمع کروائیں۔ \378

متعلقہ عنوان :