Live Updates

جز کا غائب ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف تمام مقدمات جھوٹے ہیں،بیرسٹرسیف

اگر مقدمات میں حقیقت ہوتی تو عدالتی کارروائی ہر صورت مکمل کی جاتی، پھر نہ تو سماعتیں ملتوی ہوتیں، نہ کوئی جج یا وکیل غائب ہوتا،مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا

جمعرات 12 جون 2025 22:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ ججز کا غائب ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف، عمران خان کے خلاف قائم تمام مقدمات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔ اگر ان مقدمات میں کوئی حقیقت ہوتی تو عدالتی کارروائی ہر صورت مکمل کی جاتی۔

پھر نہ تو سماعتیں ملتوی ہوتیں، اور نہ ہی کوئی جج یا وکیل غائب ہوتا۔انہوں نے کہا کہ کبھی جج اور کبھی وکیل کا غائب ہونا ان جعلی مقدمات کو طول دینے کی ایک سوچی سمجھی چال ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم نے ملک کے نظامِ انصاف کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ اگر عدالتیں انصاف فراہم نہیں کرتیں تو عوام کا سڑکوں پر آنا اُن کا آئینی اور جمہوری حق ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت نے اپنی آخری چال کے طور پر طاقت کا استعمال کیا، مگر اب عوام کا خوف ختم ہو چکا ہے اور وہ دوبارہ سڑکوں پر نکلنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ حکومت نے عوام کو احتجاج پر مجبور کر دیا ہے۔ عوام ہر وقت اپنے محبوب قائد عمران خان کے لیے سڑکوں پر نکلنے کے لیے تیار ہیں۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ اس بار احتجاجی تحریک کو قابو میں رکھنا جعلی حکومت کے بس سے باہر ہوگا۔

عوام بھرپور تیاری کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں گے اور حکومت کی ہر فسطائی کارروائی کا منہ توڑ جواب دیں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے مقدمات کی سماعت کو بار بار ملتوی کرنا نظامِ انصاف کا جنازہ نکالنے کے مترادف ہے۔ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد عدالتیں انصاف فراہم کرنے کے قابل نہیں رہیں۔ اگر ملک کے سب سے مقبول رہنما، عمران خان کو انصاف نہیں مل رہا تو عام آدمی کے لیے انصاف کی توقع کیسے کی جا سکتی ہی انہوں نے مزید کہا کہ جعلی حکومت نے عمران خان کے خلاف فسطائیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں، مگر وہ عمران خان کو عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکے۔

بلکہ ان ہتھکنڈوں کے باعث عمران خان کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ عوام کے پاس اب اپنے محبوب قائد کی رہائی کے لیے احتجاج کے سوا کوئی راستہ باقی نہیں رہا۔ عوام کا سڑکوں پر آنا اب ناگزیر ہو چکا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات