چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اہم اجلاس ، غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف سی ڈی اے آپریشن بارے اب تک کی پیشرفت کا جائزہ

جمعرات 12 جون 2025 22:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر پلاننگ، ممبر فنانس، ڈی جی پلاننگ، ڈی جی بلڈنگ کنٹرول، ڈی جی سپیشل پراجیکٹس، ڈی جی لاء، ڈی جی اسلام آباد واٹر، ڈپٹی کمشنر سی ڈی اے اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف سی ڈی اے کے آپریشن کے بارے میں اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ اسلام آباد میں بلا تفریق قانون کے مطابق غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ سی ڈی اے تمام ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کر سکے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اربن ری جنریشن پلان اور اس کے تحت شہریوں کو جدید رہائشی سہولیات کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ شہریوں کی رہائشی ضروریات کو پورا کرنا ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔چیئرمین سی ڈی اے نے پلاننگ ونگ کو اس سلسلہ میں مناسب منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں شہریوں کو پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھانے، نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور مانیٹرنگ کے نظام کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں کمرشل سینٹرز اور اپارٹمنٹ کی تعمیر کے حوالے سے پلاننگ ونگ کو اس سلسلہ میں مناسب منصوبہ بندی خصوصاً سیکٹرز کے مراکز میں تعمیر کرنے کی ہدایت کی گئی ۔