کے آئی یو اورآغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے درمیان کووڈ19 کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

جمعرات 12 جون 2025 20:10

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور آغا خان رورل سپورٹ پروگرام (اے کے آر ایس پی) نے گلگت بلتستان اور چترال کے شہری معاشرے اور نوجوانوں کو کووڈ19 کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بااختیار بنانے کے مقصد سے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر لیے۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق اس حوالے سے جامعہ میں پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب میں وائس چانسلر کے آئی یو نے آن لائن شرکت کی۔ان کے ہمراہ دونوں اداروں کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔کے آئی یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے آن لائن خطاب کرتے ہوئے اس معاہدے کو ایک اہم اسٹریٹجک شراکت داری قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعاون نہ صرف کے آئی یو اور اے کے آر ایس پی کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا بلکہ خطے کی کمیونٹیز کو پائیدار مستقبل کے لیے بااختیار بنانے کے مشترکہ وژن کو بھی تقویت دے گا۔

(جاری ہے)

مفاہمت کا بنیادی مقصد مقامی کمیونٹیز، خصوصاً نوجوانوں کو کووڈ19 کے بعد کے سماجی و اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری مہارتیں اور وسائل فراہم کرنا ہے۔ کے آئی یو کی تعلیمی مہارت اور اے کے آر ایس پی کے دیہی ترقی کے وسیع تجربے کو یکجا کرتے ہوئے یہ شراکت داری مہارتوں کی ترقی، کمیونٹی کی بھرپور شمولیت اور علم کے تبادلے کے مواقع پیدا کرے گی۔

جس سے خطے میں سماجی و اقتصادی لچک کو فروغ ملے گا اور مقامی آبادی کو اپنے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے نئے امکانات میسر ہوں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دونوں اداروں کے نمائندوں نے اس تعاون کو گلگت بلتستان اور چترال کے عوام کے لیے بااختیار مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ یہ شراکت داری خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دیرپا اثرات مرتب کرے گی۔

یہ معاہدہ نہ صرف مقامی کمیونٹیز کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرے گا بلکہ کووڈ19 کے بعد کے دور میں ترقی کے نئے امکانات کو بھی روشن کرے گا۔ اس اقدام سے گلگت-بلتستان اور چترال کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ایک مضبوط اور پائیدار مستقبل کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔

متعلقہ عنوان :