والدین سروائیکل کینسرکی ویکسین پراعتماد کریں ، سید مصطفیٰ کمال

ہفتہ 20 ستمبر 2025 19:26

والدین سروائیکل کینسرکی ویکسین پراعتماد کریں ،  سید مصطفیٰ کمال
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ سروائیکل کینسر کی ویکسین پر اعتماد کریں، یہ محفوظ ہے اور پاکستان میں نوجوان بچیوں کی صحت کے تحفظ کے لیے نہایت ضروری ہے۔ہفتہ کونجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ پاکستان اُن 151 ممالک میں شامل ہے جنہوں نے یہ ویکسین متعارف کرائی ہے، حالانکہ ابتداء میں اس کی فراہمی محدود تھی۔

عوام کے اعتماد کو بڑھانے کے لیے انہوں نے بتایا کہ کئی حکومتی عہدیداران، بشمول خود وزیر صحت، نے اپنی بچیوں کو ویکسین لگوائی ہے۔یہ ویکسین خاص طور پر 9 سے 14 سال کی عمر کی لڑکیوں کے لیے تجویز کی گئی ہے تاکہ وہ سروائیکل کینسر سے محفوظ رہ سکیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر صحت نے ویکسین سے متعلق پھیلائی جانے والی غلط فہمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے کئی ممالک اس بیماری کے خاتمے کے قریب پہنچ چکے ہیں، مگر پاکستان میں ابھی بھی لوگ اسے نقصان دہ سمجھتے ہیں۔

دوسرے ممالک 2006 سے اپنی نوجوان نسل کو یہ ویکسین فراہم کرنے کی دوڑ میں لگے ہیں اور ہم یہاں اب بھی سمجھتے ہیں کہ یہ نقصان دہ ہے۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنی بیٹیوں کو بروقت ویکسین دلوائیں تاکہ ان کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔