پنجاب بھر میں خواتین کو سروائیکل کینسر سے بچانے کیلئے پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

پنجاب بھر کی طالبات کو سروائیکل کینسر سے بچا کی ویکسی نیشن دی جائیگی‘ خواجہ عمران نذیر ، رانا سکندر حیات

جمعرات 12 جون 2025 20:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء) پنجاب حکومت نے صوبہ بھر کی خواتین کو سروائیکل کینسر سے بچانے کیلئے باقاعدہ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا، پنجاب بھر کی طالبات کو سروائیکل کینسر سے بچائو کی ویکسی نیشن دی جائے گی ۔وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر اور وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیرصدارت اجلاس میں صوبہ بھر کی خواتین کو سروائیکل کینسر سے بچانے کیلئے باقاعدہ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین کو سروائیکل کینسر سے بچانے کیلئے پروگرام شروع کیا جائیگا، پنجاب بھر کی طالبات کو سروائیکل کینسر سے بچائو کی ویکسی نیشن دی جائیگی۔رپورٹ کے مطابق سروائیکل کینسر کے خاتمے کیلئے طالبات کی ویکسی نیشن مہم نومبر سے شروع ہوگی، اجلاس میں 80لاکھ طالبات کو ویکسینیٹ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مہم میں 9سے 14سال تک کی طالبات کی ویکسی نیشن کی جائیگی، مہم کی 100فیصد کامیابی کیلئے جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا۔وزیر صحت کے مطابق مہم کا دائرہ کار سرکاری اسکولز کے علاوہ نجی اسکولز اور مدرسہ تک پھیلایا جائیگا، محکمہ صحت کی ٹیمیں اسکولوں میں جاکر طالبات کو ویکسین دیں گی۔