ماہی گیروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اہم اجلاس منعقد

جمعرات 12 جون 2025 23:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) ماہی گیروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن نے کی۔اجلاس میں ڈائریکٹر فشریز احمد ندیم،چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر ماجد جوہر، اسسٹنٹ کمشنر پسنی مہیم خان گچکی، اور ماہی گیروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ماہی گیروں کو درپیش بنیادی مسائل، کشتیوں سے متعلق امور، روزگار کے مواقع اور سمندری حیات کے تحفظ سے وابستہ چیلنجز زیرِ بحث آئے۔

ماہی گیروں کے نمائندوں نے کوریا میں روزگار کے مواقع سے متعلق بھی مسائل اٹھائے۔ انہوں نے بتایا کہ چند ماہی گیر کوریا میں بطور لیبر کام کرنے کے لیے باقاعدہ تربیت حاصل کر چکے ہیں، تاہم حکومتِ کوریا کی جانب سے تاحال کلیرنس نہیں دی گئی، جس کے باعث وہ شدید ذہنی و مالی پریشانی کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن نے ماہی گیروں کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اعلیٰ حکام سے رابطہ کر کے کوریا کی جانب سے تاخیر کی وجوہات معلوم کریں گے اور مسئلے کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ماہی گیر ساحلی معیشت کا اہم ستون ہیں اور ان کے مسائل کا حل ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اجلاس میں ماہی گیروں کے مسائل کے پائیدار حل کے لیے مشاورت کا عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :