ڈی پی او ڈیرہ غازی خان نےاے ایس آئی طاہر عباس کو معطل کردیا، محکمانہ انکوائری کا آغاز

جمعہ 13 جون 2025 00:10

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ڈیرہ غازی خان سید علی نے چوکی خانپور کے انچارج اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) طاہر عباس کو اختیارات کے ناجائز استعمال اور محکمانہ قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی پر فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اے ایس آئی طاہر عباس پر ایک شہری کی گرفتاری اور بعد ازاں غیرقانونی طور پر رہائی دینے کا الزام ہے، جو کہ قانونی تقاضوں اور پولیس ڈسپلن کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او سید علی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ افسر کو معطلی کی کارروائی کا سامنا کرنے کا حکم دیا۔ڈی پی او سید علی کا کہنا ہے کہ "محکمہ پولیس میں نظم و ضبط، شفافیت اور قانون کی بالادستی ہماری اولین ترجیح ہے۔ کسی بھی افسر کو قانون سے بالاتر سمجھنے کا کوئی جواز نہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف سخت اور بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔پولیس ترجمان کے مطابق اے ایس آئی طاہر عباس کے خلاف محکمانہ انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ابتدائی چارج شیٹ جاری کی جا چکی ہے۔ انکوائری مکمل ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :