خیبرپختونخواٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام پشاوربائیکرز کی ریلی ٹھنڈیانی کیلئے روانہ

جمعہ 13 جون 2025 16:55

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے تعاون اور پشاور بائیکرز کلب کے زیراہتمام بائیکرز کی ریلی پشاور سے ٹھنڈیانی کیلئے روانہ ہوگئی۔ ریلی میں 30 کے قریب موٹرسائیکلسٹ شریک ہیں جو کہ پشاور سے باراستہ نوشہرہ، مردان، صوابی، ہری پور، حویلیاں اور ایبٹ آباد سے ہوتے ہوئے ٹھنڈیانی پہنچیں گے۔

بائیکرزکی ریلی میں پشاور، صوابی اور دیگر علاقوں سے بائیکرز شریک ہیں۔ ریلی کی روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے منیجر ایونٹس خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی محمد علی سید کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی صوبہ میں سیاحت کے فروغ کیلئے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کرتی ہے جس میں ایڈونچر،ثقافتی، سیاحتی، ماحولیاتی اور دیگر شامل ہیں تاکہ ان کی وجہ سے خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات میں نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے بلکہ وہاں کی معیشت بھی مستحکم ہو سکے۔

(جاری ہے)

بائیک ٹورازم ایک سستی سیاحت ہے جس میں نوجوان طبقہ باآسانی حصہ لیتا ہے اور اس میں کم خرچے کے ذریعے زیادہ مقامات کی سیروتفریح بھی ممکن ہے جبکہ ساتھ ہی یہ نوجوان مقامی علاقوں کا رخ کرتے ہوئے وہاں کی ثقافت، سیاحت اور روایات کو فروغ دیتے ہیں۔خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی مختلف منصوبوں کے تحت سیاحت کو فروغ دیتی ہے۔ پشاور بائیکرز کلب کے صدر ساجد علی خان کا کہنا تھا کہ بائیکرز کلب کا مقصد صوبہ میں سیاحت کو فروغ دینا ہے تاہم اس دفعہ ہم شجرکاری مہم کیساتھ ساتھ صفائی مہم میں بھی شرکت کرینگے تاکہ ان مقامات کا رخ کرنے والے سیاحوں کو ابھی مثبت پیغام دے سکیں جس سے وہ ان قدرتی حسن سے مالا مال سیاحتی مقامات کی خوبصورتی کو بحال رکھنے میں حکومت اور ہمارا ساتھ دیں۔

ہمارا مقصد خیبرپختونخوا میں ایڈونچر ٹورازم کو بھی فروغ دینا ہے جہاں ہم مختلف سیاحتی مقامات پر کیمپنگ کرتے ہیں۔