پی ایچ ڈی سکالر سید نبیل رضا رضوی نے تحقیقاتی مقالہ کا کامیاب دفاع کیا

جمعہ 13 جون 2025 17:03

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے شعبہ فارماسیوٹیکل کیمسٹری فیکلٹی آف فارمیسی کے زیرِ اہتمام پی ایچ ڈی سکالر سید نبیل رضا رضوی کے تحقیقی مقالہ کے پبلک ڈیفنس کا انعقاد کیا گیا۔ سید نبیل رضا رضوی نے اپنا تحقیقی کام ایکٹنگ ڈین فیکلٹی آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ افضل کی زیرِ نگرانی مکمل کیا اور پی ایچ ڈی سکالر سید نبیل رضارضوی نے اپنے تحقیقاتی مقالہ کا کامیاب دفاع کیا۔

تحقیقی ڈیفنس کےلئے بیرونی نگران وسابق ڈین پنجاب یونیورسٹی لاہور پروفیسرڈاکٹر سعیدالحسن تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر خرم افضل، ڈاکٹر خضر عباس، ڈاکٹرعمران، ڈاکٹرفرحان موجود تھے۔ سیدنبیل رضا نے صحرائی پودے جس کا نام (ہائی لوکسیلون سٹاکسی) جس کو مقامی زبان میں سجی اسکھار کہتے ہیں میں موجود کیمیکل اجزاء علیحدہ کیے اور انسانی جسم پر اس کے اثرات کا مشاہدہ کیا اور ثابت کیا کے یہ صحرائی پودا آنے والے دنوں میں کس طرح بنی نوع انسان کے کام آسکے گا اور ذیابطیس جیسے موذی مرض کا علاج بنے گا، اور مختلف انواع کے انفیکشن پیدا کرنے والے جراثیم کے خلاف اکثیرثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

آنے والے دنوں میں اس پودے سے نکلنے والے اجزا،اینٹی آکسیڈنٹ جلد اور دماغی بیماریوں کی ادویات بنانے میں استعمال ہوگا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عمران، ڈاکٹر حسیب رضا، ڈاکٹر عباس اکبر کاظم رضا، راناخالد، جام حماداور مبشر اسلام موجودتھے۔