تحصیل سپورٹس کمپلیکس کہوٹہ کی تعمیر اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے ،جلد ہی اس کا افتتاح متوقع ہے،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر شمس توحید عباسی

جمعہ 13 جون 2025 17:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) تحصیل سپورٹس کمپلیکس کہوٹہ کی تعمیر اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور جلد ہی اس کا افتتاح متوقع ہے۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر شمس توحید عباسی نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سپورٹس کمپلیکس جدید سہولیات سے آراستہ ہو گا اور نوجوانوں کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس کمپلیکس میں نوجوان کھلاڑیوں کو مختلف کھیلوں کی اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی جن میں فٹ سال، بیڈ منٹن، ٹیبل ٹینس، باسکٹ بال، والی بال، مارشل آرٹس ، باڈی بلڈنگ و دیگر کھیل شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ضلعی، صوبائی اور قومی سطح پر نمائندگی کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل کہوٹہ میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اس نوعیت کا منصوبہ ایک بڑی کامیابی ہے اور اس سے علاقے کے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں مدد ملے گی۔

شہریوں اور مقامی کھلاڑیوں نے بھی سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کو خوش آئند قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس سے نہ صرف کھیلوں کو فروغ ملے گا بلکہ صحت مند معاشرے کی تشکیل میں بھی مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :