آپ تنہا نہیں ہیں، محمد رضوان کا خیبرپختونخوا میں سیلاب سے متاثر ہونے والوں کیلئے جذباتی پیغام

سیلاب کے بعد سامنے آنے والی تصاویر دل دکھا دینے والی ہیں : ون ڈے کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 17 اگست 2025 16:37

آپ تنہا نہیں ہیں، محمد رضوان کا خیبرپختونخوا میں سیلاب سے متاثر ہونے ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 اگست 2025ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کیلئے جذباتی پیغام دیا ہے۔ 
خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچائی ہوئی ہے جہاں اب تک 300 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ درجنوں لاپتہ ہیں اور انفرا سٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

 
صوبے کی خراب صورتحال پرکرکٹر محمد رضوان نے سوشل میڈیا پر عوام کیلئے اپنا جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔ 
محمد رضوان نے لکھا کہ 'میری محبت اور دعائیں خیبرپختونخوا کے عوام کیلئے ہیں، سیلاب کے بعد سامنے آنے والی تصاویر دل دکھا دینے والی ہیں، تمام متاثرین کو بتانا چاہتے ہیں کہ آپ تنہا نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

قومی کرکٹر نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ 'متاثرین کی مدد کیلئے آگے آئیں، ہماری تھوڑی سی کوشش، متاثرین کے لیے بڑی ثابت ہو سکتی ہے۔

 
دوسری جانب فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے بھی سیلاب میں متاثرہ خاندانوں سے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ مہربانی کرکے سیلاب سے متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کریں، ہم سب اس مشکل گھڑی میں ساتھ کھڑے ہیں۔ 
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا میں بارشوں، سیلاب، لینڈسلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے سے 300 سے زائد افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔

 
بونیر میں مکینوں کے آشیانے اجڑ گئے، ہرطرف ملبے اور سیلابی ریلے میں بہہ کر آنے والے بڑے بڑے پتھروں کے ڈھیر ہیں، متاثرہ علاقوں میں پی ڈی ایم اے، پاک فوج، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اور مقامی رضاکاروں کی امدادی کارروائیاں جاری ہے۔ 
سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ، دیر اور بٹگرام میں 31 اگست تک ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔