ڈاکٹرز کی برطرفی کے نوٹسز کیخلاف درخواست پر سرکاری وکیل کو جواب جمع کرانے اور دلائل کیلئے 24جون تک کی مہلت

جمعہ 13 جون 2025 18:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء)لاہور ہائیکورٹ نے صدر ینگ ڈاکٹرز سمیت 6 ڈاکٹرز کی برطرفی کے نوٹسز کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سرکاری وکیل کو جواب جمع کرانے اور دلائل کیلئے 24جون تک کی مہلت دیدی ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی نے صدر وائی ڈی اے ڈاکٹر شعیب نیازی سمیت 6 ڈاکٹرز کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

ینگ ڈاکٹرز کے وکیل عدالت میں پیش نہ ہوئے ، پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس عدالت کے لا ء افسر سعد بن غازی اپنی ایک عزیزہ کے انتقال کے باعث چھٹی پر ہیں ، متعلقہ لا ء افسر موجود نہیں ، اس لئے استدعا ہے کہ عدالت جواب جمع کروانے اور بحث کے لئے مہلت دے دے۔درخواست گزار ڈاکٹروں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈاکٹرز نے جائز مطالبات کے لئے احتجاج کیا ، احتجاج کرنا ہر شہری کا حق ہے،حکومت نے مطالبات منظورِ کرنے کی بجائے برطرف کے نوٹس بھیج دئیے ،درخواست گزار گنگا رام سمیت مختلف ہسپتالوں میں پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کررہے ہیں ، استدعا ہے کہ عدالت درخواست گزار ڈاکٹروں کی برطرفی کے نوٹسز کالعدم قرار دے دے ۔

،عدالت نے پنجاب حکومت کے وکیل کو جواب جمع کروانے اور دلائل کے لیے 24 جون تک کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔