فیصل آباد، شہر کی خوبصورتی اور ماحول دوست ترقی کو فروغ دینے کے لئے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت ضلعی سطح پر اہم اجلاس

جمعہ 13 جون 2025 22:03

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2025ء) شہر کی خوبصورتی اور ماحول دوست ترقی کو فروغ دینے کے لئے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت ضلعی سطح پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں شہر کی بیوٹیفکیشن سے متعلق جاری منصوبوں اور آئندہ کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران کینال روڈ پر جاری بیوٹیفکیشن منصوبے پر پیشرفت رپورٹ پیش کی گئی جس میں گرین ایریاز کی بحالی، سجاوٹی پودے اور پھولوں کی آرائش، سایہ دار درختوں کی شجرکاری اور سٹریٹ لائٹس کی تنصیب شامل تھی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کینال روڈ پر جاری کام کو مزید آگے بڑھایا جائے اور تمام گرین بیلٹس کی فوری بحالی یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گرین بیلٹس، پارکوں، چوراہوں اور سڑکوں کی اطراف میں گھاس، موسمی پھول اور سایہ دار درخت لگانے کا عمل فوری شروع کیا جائے۔ شہری علاقوں میں پارکوں کی حالت بہتر بنانے کے لئے روشنی کے مناسب انتظامات،صفائی کی صورتحال کی بہتری، نشستوں اور جھولوں کی مرمت اور پودوں کی افزائش کو ترجیح دی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ فیصل آباد شہر کو پنجاب کا ماڈل گرین سٹی بنانے کے لئے تمام محکمے باہمی تعاون سے کام کریں۔

بیوٹیفکیشن کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور خوبصورت ماحول میسر آ سکے۔انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی کوآرڈینیشن کو مضبوط بنائیں اور ہر شعبہ اپنی ذمہ داریاں بخوبی ادا کرے۔ عوامی فلاح و بہبود اور ماحولیاتی بہتری حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :