سندھ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے محکمہ تعلیم میں سبجیکٹ اسپیشلسٹ ’’فزکس‘‘اور محکمہ داخلہ میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر (بم ڈسپوزل کیڈر) کے حتمی نتائج کا اعلان

جمعہ 13 جون 2025 22:03

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2025ء) سندھ پبلک سروس کمیشن (ایس پی ایس سی ) کی جانب سے محکمہ تعلیم میں سبجیکٹ اسپیشلسٹ ’’فزکس‘‘اور محکمہ داخلہ میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر (بم ڈسپوزل کیڈر) کے حتمی نتائج کا اعلان، مجموعی طور پر 92 امیدوار فزکس میں کامیاب، بم ڈسپوزل کیڈر میں 9 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔سندھ پبلک سروس کمیشن نے تعلیم کے محکمے میں سبجیکٹ اسپیشلسٹ "فزکس" کے عہدوں کے حتمی نتائج کا اعلان کر دیا ہے، جس میں 58 مرد اور 34 خواتین امیدواروں کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔

دوسری جانب، اسسٹنٹ سب انسپکٹر (بم ڈسپوزل کیڈر) کے حتمی نتائج میں 9 امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔ ایس پی ایس سی کی جانب سے مذکورہ آسامیوں کے لیے اشتہار جاری کیا گیا تھا، جس میں سبجیکٹ اسپیشلسٹ فزکس کے لیے مطلوبہ تعلیمی قابلیت رکھنے والے 2306 امیدواروں جبکہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر بم ڈسپوزل کیڈر کے لیے 5300 امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں۔

(جاری ہے)

مذکورہ پوسٹوں کے لیے تحریری امتحانات فروری 2025 میں منعقد کیے گئے، جن کے نتائج رواں سال اپریل میں جاری کیے گئے۔ اس کے بعد مئی اور جون میں زبانی امتحانات (انٹرویوز)کا انعقاد کیا گیا۔ ایس پی ایس سی نے متعلقہ محکموں میں خالی آسامیوں کے لیے حتمی نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کامیاب امیدواروں کی تقرری کے لیے سفارشات ارسال کر دی ہیں۔ واضح رہے کہ ایس پی ایس سی کی جانب سے جاری کردہ نتائج میں شہری اور دیہی کوٹہ سمیت سندھ میں آئینی تقاضوں پر مکمل عمل درآمد کیا گیا ہے۔ اسی کے ساتھ کامیاب امیدواروں کی فہرست کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی جاری کر دی گئی ہے، جس میں امیدواروں کے حاصل کردہ نمبروں کی تفصیل بھی فراہم کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :