نان فائلر بینک سے کیش نکالے گا تو 0.8فیصد ودہولڈنگ ٹیکس کٹے گا،ایف بی آر کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ

مجھے ایک لاکھ روپے والا ویسے ہی امیر لگتا ہے، چیئرمین ایف بی آر کی اراکین کمیٹی کی تجاویز پر ردعمل

جمعہ 13 جون 2025 22:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو ایف بی آرنے بتایا ہے کہ نان فائلر بینک سے کیش نکالے گا تو 0.8 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس کٹے گا۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین نوید قمر کی زیر صدارت ہوا جہاں ایف بی آرحکام نے بریفنگ میں بتایا کہ پہلے جب نان فائلر کی جانب سے بینک سے کیش نکلوانے پر 0.6فیصد ٹیکس کٹتا تھا۔

کمیٹی کو ایف بی آر نے بتایا کہ 50ہزار تک کیشں نکالنے پر 400روپے ٹیکس کٹے گا۔چیئرمین کمیٹی نوید قمر نے کہا کہ اس حد کو 50 ہزار سے بڑھایا جائے جس پر چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ حد 50ہزار روپے سے بڑھا کر 75ہزار کر دیتے ہیں۔اراکین کمیٹی نے سفارش کی کہ کیش کی حد ایک لاکھ تک کی جائے جس پر چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ مجھے ایک لاکھ روپے والا ویسے ہی امیر لگتا ہے۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے نان فائلر کی کیش نکلوانے کی حد 75ہزار روپے کرنے کی سفارش کردی۔بعد ازاں بینکوں سے یومیہ 75 ہزار روپے نقد رقم نکلوانے پر 0.8 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کی تجویز منظور کی گئی، کمیٹی نے آن لائن خریداری پر دو فیصد اضافی سیلز ٹیکس کی تجویز مسترد کردی۔ کمیٹی نے بینکوں میں قرض کے منافع پر ٹیکس 15 سے بڑھا کر20 فیصد کرنے کی تجویز بھی مسترد کردی، گوگل اور یوٹیوب کی سروسز ٹیکس 10 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کرنے کی تجویز منظور کردی۔

اجلاس میں کمرشل جائیدادوں کے کرایے کی انکم پر 4 فیصد ٹیکس کی تجویزمخر، دو لاکھ روپے کی فروخت اور بینکاری لین دین کے ذریعے کرنے کی تجویز بھی مسترد کردی گئی جبکہ رینٹل آمدن کو کاروباری نقصانات میں شامل نہ کرنے کی تجویز منظور کردی گئی۔