ترقیاتی کاموں کے بعد گلیوں اور سڑکوں کی بروقت بحالی یقینی بنائی جائے، ڈپٹی کمشنر پشاور

جمعہ 13 جون 2025 22:39

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی شکایات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پی ڈی اے، ڈبلیو ایس ایس پی، خیبرپختونخوا ہائی وے اتھارٹی، پیسکو، سوئی گیس، پی ٹی سی ایل، ایریگیشن، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، سی اینڈ ڈبلیو، لوکل گورنمنٹ، کیپیٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ، ٹی ایم ایز اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پشاور نے ہدایت کی کہ آئندہ کوئی بھی ادارہ یا کنٹریکٹر اگر گلیوں یا سڑکوں میں کھدائی کرے گا تو اسے پابند کیا جائے گا کہ کام مکمل کرنے کے بعد کھدی ہوئی جگہ کو فوری اور مکمل طور پر بحال کرے۔

(جاری ہے)

بحالی کا معیار ناقص ہونے یا جگہ خالی چھوڑنے پر متعلقہ کنٹریکٹر اور ادارے کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ٹی ایم ایز، پی ڈی اے اور کیپیٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ ترقیاتی کاموں کی مانیٹرنگ کے لیے باقاعدہ ٹیمیں تشکیل دے کر روزانہ کی بنیاد پر معائنہ کریں۔

ڈپٹی کمشنر پشاور نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ اگر کسی علاقے میں ترقیاتی کام مکمل ہونے کے بعد کھدی ہوئی جگہ کو بحال نہیں کیا جاتا تو ضلعی انتظامیہ پشاور کے واٹس ایپ نمبر 03011964444 یا 0919211338 پر فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔