علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی مظفرآباد میں اجلاس،ورکشاپس اور متعلقہ امور پر تبادلہ خیال

جمعہ 13 جون 2025 20:10

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی شازیہ صدیق کی زیر صدارت مظفرآباد میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کا بنیادی مقصد ریجن مظفرآباد کے تحت آنے والے اضلاع نیلم، مظفرآباد اور ہٹیاں بالا میں قائم ورکشاپ سینٹرز کے انتظامات اور آئندہ ہونے والی ورکشاپس کے موثر انعقاد کے لیے مشاورت اور رہنمائی فراہم کرنا تھا۔

ریجن کے مختلف ورکشاپ سینٹرز سے تعلق رکھنے والے کوآرڈینیٹرز اور ریسورس پرسنز نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء میں ٹیچنگ پریکٹس کے حوالے سے مقرر کردہ اساتذہ اور دیگر متعلقہ عملہ بھی شامل تھا۔ میڈم شازیہ صدیق نے ورکشاپس کے انعقاد کے حوالے سے تفصیلی ہدایات جاری کیں اور تمام کوآرڈینیٹرز کو تاکید کی کہ وہ یونیورسٹی کی پالیسیوں اور گائیڈ لائنز کے مطابق طلبہ کی رہنمائی یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

ریجنل ڈائریکٹر نے اس موقع پر کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی فاصلاتی تعلیم کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور اس کے تعلیمی پروگراموں کی افادیت تبھی ممکن ہے جب ہم بطور ادارہ طلبہ کو بروقت رہنمائی فراہم کریں۔ انہوں نے ورکشاپس کی بروقت اور معیاری انجام دہی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ریسورس پرسنز پر زور دیا کہ وہ ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں۔

میٹنگ کے دوران ٹیچنگ پریکٹس سے متعلقہ امور پر خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا اور طلبہ کے لیے راہنمائی، جائزہ طریقہ کار، فیلڈ وزٹ، اور رپورٹ کی تیاری کے سلسلے میں بھی جامع ہدایات فراہم کی گئیں۔ شرکاء کو یہ بھی باور کروایا گیا کہ طلبہ کی کارکردگی کے جائزے میں شفافیت، غیر جانبداری اور پیشہ ورانہ رویہ برقرار رکھا جائے۔اس موقع پر شرکاء نے بھی اپنے تجربات اور تجاویز پیش کیں جنہیں ریجنل ڈائریکٹر نے سراہا اور انہیں آئندہ پالیسی سازی میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔آخر میں ریجنل ڈائریکٹر نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس اُمید کا اظہار کیا کہ آئندہ ورکشاپس کامیابی سے ہمکنار ہوں گی اور طلبہ کو ان سے بھرپور تعلیمی فائدہ حاصل ہوگا۔

متعلقہ عنوان :