Live Updates

ایس ای سی پی نے وی پی ایس رولز 2005 میں مجوزہ ترامیم پر عوامی رائے طلب کر لی

جمعہ 13 جون 2025 20:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے رضاکارانہ پنشن سسٹم (وی پی ایس)رولز 2005میں ترامیم کے لیے ایک مشاورتی پیپر جاری کی ہے، جس کا مقصد پاکستان کے پنشن نظام کو بہتر اور زیادہ آسان بنانا ہے۔اس تجویز کا اہم نکتہ یہ ہے کہ ایمپلائر پنشن فنڈز کو اجازت دی جائے کہ وہ ایک مشترکہ فنڈ ڈھانچے کے تحت متعدد آجرین کو خدمات فراہم کریں۔

اس تبدیلی سے پنشن فنڈ مینیجرز مختلف آجرین کی شراکتیں ایک ساتھ جمع کر سکیں گے، جس سے اخراجات میں بچت ممکن ہوگی اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے ادارے بھی علیحدہ فنڈ قائم کیے بغیر اپنے ملازمین کو ریٹائرمنٹ کی سہولیات فراہم کر سکیں گے۔فروری 2024 میں وی پی ایس رولز 2005 میں کی گئی سابقہ ترامیم کے باوجود، کچھ بنیادی خامیاں اب بھی موجود رہیں جنہوں نے اس نظام کو وسیع پیمانے پر اپنانے اور پھیلانے میں رکاوٹ ڈالی۔

(جاری ہے)

موجودہ ڈھانچے کے تحت ہر پنشن فنڈ کو صرف ایک مخصوص آجر تک محدود رکھا گیا تھا، جس سے فنڈز کو پھیلانے میں دشواری اور خاص طور پر چھوٹے آجرین کے لیے لاگت میں اضافے جیسے مسائل پیدا ہوئے۔اس کے بعد،ایس ای سی پی نے وی پی ایس رولز کی مثریت کا جائزہ لینے کے لیے ایک تجزیاتی مطالعہ شروع کیا تاکہ ریٹائرمنٹ سیونگز کے بدلتے ہوئے تقاضوں کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے۔

اس جائزے کے نتیجے میں کئی ایسے شعبے سامنے آئے جن میں بہتری کی گنجائش موجود تھی، جیسے کہ آپریشنل کارکردگی میں اضافہ، پنشن کوریج کا دائرہ وسیع کرنا، اور آجرین کی شرکت میں حائل رکاوٹوں کو کم کرنا۔ مجوزہ ترامیم کا مقصد ریگولیٹری فریم ورک کو بین الاقوامی بہترین روایات کے مطابق ڈھالنا، قانونی ابہام کو ختم کرنا، اور پاکستان میں ریٹائرمنٹ سیونگز کی بہتر ثقافت کو فروغ دینا ہے۔مشاورتی پیپر عوامی رائے دینے کے لیے اشاعت کی تاریخ سے پندرہ دن تک دستیاب ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات