پولیس افسران کی انسانی حقوق سے متعلق تعلیم اور صلاحیت میں اضافہ کے لیےتربیتی پروگرام

جمعہ 13 جون 2025 20:30

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) سندھ ہیومن رائٹس کمیشن کی جانب سے پولیس افسران کی انسانی حقوق سے متعلق تعلیم اور صلاحیت میں اضافہ کے لیےایک روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ سندھ ہیومن رائٹس کمیشن کے چیئرمین اقبال احمد دیٹھو کمیشن سے وابستہ وکلا اور ضلع بھر سے پولیس محکمے کے افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر چیئرمین سندھ ہیومن رائٹس کمیشن اقبال احمد ڈیٹھو نے پولیس کی جانب سے اقلیتی اور محروم طبقات کے حقوق کے تحفظ میں ادا کیے جانے والے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ضلع قمبر شہدادکوٹ میں ریمانڈ ہومز، خواتین و بچوں کے لیے علیحدہ تھانوں اور بزرگ شہریوں کے لیے پناہ گاہوں کی ضرورت پر زور دیا۔ نوعمر افراد کے لیے انصاف، گھریلو تشدد، کم عمری کی شادی، اسمگلنگ اور جنسی جرائم کے موضوعات پر سیشنز منعقد کیے گئے اور پولیس کے لیے قانونی معلومات کی اہمیت کو نمایاں کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے صنفی اور انسانی حقوق، صنفی تحفظ کو نظام کا حصہ بنانے، صنفی تشدد سے بچاؤ کے لیے خدمات تک رسائی اور متاثرہ افراد کی مدد کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر بیرسٹر ارسلان مسعود مہر، ایڈووکیٹ ہائی کورٹ و لیگل کنسلٹنٹ سندھ ہیومن رائٹس کمیشن نے پولیس افسران کو تربیت دیتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق سے متعلق تعلیمی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے خواتین اور بچوں سے متعلق مخصوص قوانین اور انسانی حقوق کے جدید ترمیم شدہ قوانین پر یہ تربیت فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ ہر فرد کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ ممکن ہو۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ ہیومن رائٹس کمیشن کی جانب سے انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ہیومن رائٹس ڈیفینڈرز پر مشتمل اس تربیتی پروگرام کا آغاز لاڑکانہ ڈویژن کے تین اضلاع میں کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھانا ضروری ہے، کیونکہ خاموشی کا مطلب ہے ظلم کی حمایت کرنا. تربیتی سیشن میں ضلع بھر سے تعلق رکھنے والے پولیس انکوائری افسران کو انسانی حقوق سے متعلق بنیادی معلومات، قانونی تحفظ، رپورٹنگ کے طریقہ کار اور متعلقہ اداروں سے روابط کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر قمبر شہدادکوٹ، امداد علی ابڑو نے اس موقع پر شرکاء کو قانونی ضوابط پر عمل کرنے کی ترغیب دی اور سندھ ہیومن رائٹس کمیشن کی اس تربیت کو سراہا، تربیت کے اختتام پر شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔