شورکوٹ،کمشنر نے شوگر سیس فنڈ سے فارم ٹو مارکیٹ 32 سڑکوں کی مرمت و بحالی کی منظوری دے دی

جمعہ 13 جون 2025 21:00

شورکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء)کمشنر مریم خان نے شوگر سیس فنڈ سے فارم ٹو مارکیٹ 32 سڑکوں کی مرمت و بحالی کی منظوری دے دی۔مرمت وبحال ہونے والی سڑکوں کا تخمینہ لاگت 73 کروڑ 76 لاکھ 21 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔کمشنر مریم خان کی زیر صدارت ڈویڑنل شوگر کین ڈویلپمنٹ سیس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ان سکیموں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد منظوری دی گئی۔

ایڈیشنل کمشنرز عامر رضا، آصف چوہان ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نوید اولکھ، سپرنٹنڈنٹ،ایکسین ہائی وے بھی اجلاس میں موجود تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر نے اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔کمشنر نے ہائی ویز و دیگر متعلقہ محکموں کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد سڑکوں کا کام جلد از جلد شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ سڑکوں کی تعمیر اتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

عوامی بہبود کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے ان سڑکوں کی بحالی سے نہ صرف اجناس منڈیوں اور شوگر ملز تک باآسانی پہنچ سکیں گی بلکہ مقامی افراد کو بھی آسانی ہوگی۔ ڈویڑنل انتظامیہ خود ان منصوبوں کی نگرانی کرے گی۔ترجمان ڈویڑنل انتظامیہ کے مطابق شوگر مل شکر گنج ون کی 4 سکیمیں 7 کروڑ روپے، شوگر مل شکر گنج ٹو کی 3 سکیمیں 5 کروڑ 32 لاکھ روپے، حمزہ شوگر مل ٹو کی 5 سکیمیں 16 کروڑ 64 لاکھ روپے، حق باہو شوگر مل کی 4 سکیمیں 12 کروڑ 99 لاکھ روپے، کشمیر شوگر مل کی 11 سکیمیں 20 کروڑ 10 لاکھ روپے جبکہ متفرق 5 سکیمیں 11 کروڑ 34 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :