وزیر ہاوسنگ پنجاب کا لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ ، فلٹریشن پلانٹس کی بحالی کا جائزہ لیا

جمعہ 13 جون 2025 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) وزیر ہائوسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے لاہور کے مختلف علاقوں میں فلٹریشن پلانٹس کی بحالی کے عمل کا جائزہ لیا،اعظم گارڈن، اتفاق ٹاون اور اتحاد کالونی کے علاقوں میں فلٹریشن پلانٹس کے دورہ کیے،صاف پانی اتھارٹی کے زیر انتظام فلٹریشن پلانٹس اور واسا ٹیوب ویلز کے دورانیہ کو چیک کیا،ڈائریکٹر صاف پانی سنٹرل سفیان حبیب نے صوبائی وزیر کو بحالی عمل بارے بریف کیا،اس موقع پر ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید بھی بھی ہمراہ تھے،وزیر ہاوسنگ بلال یاسین نے اطراف کے رہائشیوں سے سہولت بارے گفتگو کی۔

(جاری ہے)

وزیر ہاوسنگ نے کہا کہ گرمیوں میں پانی کی طلب کے پیش نظر تمام فلٹریشن پلانٹس کو جلد فعال کردیا جائے گا، صاف پانی اتھارٹی مجموعی طور پر صوبے کے تمام پلانٹس کو فعال کر رہی ہے، کسی بھی علاقے میں فلٹریشن پلانٹس بارے شکایات ٹال فری نمبر 1336 پر درج کروائیں، پانی کے فراہمی کے اوقات کار اور معیار پر کسی صورت کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔