حیدرآباد کے شہریوں کے لئے مئیر حیدرآباد و ایچ ڈی اے، واسا بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں، انجینئر عبدالعلیم خانزادہ

جمعہ 13 جون 2025 22:05

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء) ایم کیو ایم کے حیدرآباد سے ارکان قومی اسمبلی سید وسیم حسین اور پروفیسر انجینئر عبدالعلیم خانزادہ نے کہا ہے کہ مون سون کی آمد ہے حیدرآباد کے شہریوں کے لئے مئیر حیدرآباد و ایچ ڈی اے، واسا بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں، مئیر حیدرآباد ایچ ڈی اے کو کارپوریشن بننے کے بعد حیدرآباد کے عوام کو یہ امید ہو چلی تھی کہ حیدرآباد کے مسائل بلدیہ، ٹان، واسا ملکر حل کریں گے لیکن آج حیدرآباد میں نالوں کی ڈی سلٹنگ نہیں کی گئی، ویج مشین کے ذریعے مین ہولز کی صفائی ناپید ہے پمپنگ اسٹیشنز پر طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث کوئی متبادل انتظامات نہیں کئے گئے ہیں سنیٹری ورکرز کی تعداد انتہائی کم اور وہ بھی ملی بھگت کے ذریعے ڈیوٹی سے غیر حاضر، شہر بھر میں نالوں کی دیواریں اور مین ہولز ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جس کی وجہ سے اموات و حادثات میں اضافہ ہے، شہر بھر کے ٹیل کے علاقوں میں پانی نایاب ہے وہاں کی عوام بورنگ اور پینے کا پانی خرید کر استعمال کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ مئیر حیدرآباد،ٹاون چئیرمن و واسا حکام کو حیدرآباد کے عوام و مسائل سے کوئی غرض نہیں ہے وہ صرف سرکاری وسائل کی لوٹ مار میں مصروف ہیں، ارکان قومی اسمبلی نے کہا کہ حیدرآباد کے منتخب نمائندوں کو انتظامیہ و بلدیہ حکام کسی سرکاری اجلاسوں میں مشاورت کے لئے مدعو نہیں کرتے اور ہم اگر انہیں حیدرآباد کو درپیش مسائل کے حل کے لئے تحریری یاداشت بھی دیتے ہیں اسے پڑھنا بھی گورا نہیں کیا جاتا لگتا ہے کہ حیدرآباد کی عوام کو ایم کیو ایم کا ساتھ دینے کی سزا دی جا رہی ہے حیدرآباد کے بلدیاتی مئیر، ٹان چئیرمن، یو سی چئیرمن کو روڈز پر گڑھوں، مین ہولز کے کھلے ڈھکن، بچوں کی آئے دن کی اموات کے بعد بھی ان کا ضمیر انہیں ملامت نہیں کرتا کہ ترجیحی بنیادوں پر ان مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے، ایم کیو ایم کے ارکان قومی اسمبلی نے حکومت سندھ سے مئیر حیدرآباد اور واسا حکام کی غفلت و متعصبانہ رویہ کا جائزہ لینے اور حیدرآباد کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کرنے مطالبہ کیا ہے۔