چربی سے ناقص اور مضر صحت تیل تیار کرنے والے عناصر ایک بار پھر سرگرم

ہفتہ 14 جون 2025 10:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) عیدالاضحٰی کے فوری بعد چربی سے ناقص اور مضر صحت تیل تیار کرنے والے عناصر ایک بار پھر سرگرم ہو گئے ہیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے چکری کے نواحی علاقے میں چربی سے تیل تیار کرنے والے دو غیر قانونی یونٹس کو کامیاب کارروائی کے دوران پکڑ لیا۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق یہ یونٹس چکری میں جھونپڑیوں کے اندر خفیہ طور پر کام کر رہے تھے جہاں بڑی مقدار میں جانوروں کی چربی کو پگھلا کر تیل تیار کیا جا رہا تھا۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران 1600 کلو گرام چربی اور 500 لیٹر تیار شدہ چربی والا تیل ضبط کر کے موقع پر تلف کر دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دونوں یونٹس کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا ہے اور ذمہ دار افراد پر مجموعی طور پر دو لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ چربی سے تیل بنانے کا عمل صوبے بھر میں سختی سے ممنوع ہے اور صرف صابن بنانے والی کمپنیاں ہی مخصوص اجازت کے تحت اسے استعمال کر سکتی ہیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے غیر قانونی اور مضر صحت سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں۔ کسی بھی شکایت کی صورت میں شہری فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کر سکتے ہیں تاکہ خوراک کے معیار کو بہتر اور محفوظ بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :