محرم الحرام پرفول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائےگا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)سرگودھا

ہفتہ 14 جون 2025 16:33

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) سرگودھا محمد ابوبکر نے کہا ہے کہ بین الاقوامی صورتحال میں ملی و مذہبی اتحاد ناگزیر ہے، محرم الحرام پر فول پروف سکیورٹی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ ملک میں پائیدار امن کے قیام، فرقہ واریت کے خاتمے اور اتحادِ امت کے فروغ میں علما کرام کا کردار ہمیشہ مثالی رہا ہے۔

علماکرام معاشرے کے اصل رہنما ہیں جو منبر و محراب سے ہمیشہ محبت، برداشت اور رواداری کا درس دیتے ہیں۔ عیدالاضحیٰ پر مثالی صفائی اور انتظامی اقدامات پر علماء کرام نے جس طرح حکومت کا ساتھ دیا اور رائے عامہ کو ہموار کیا وہ قابلِ تحسین ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ امسال بھی محرم الحرام کے موقع پر فول پروف سکیورٹی اقدامات کیے جائیں گے، تمام جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر پولیس کی بھرپور موجودگی یقینی بنائی جائے گی، لائسنس یافتہ جلوس و مجالس کے منتظمین وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں اور اگر کہیں کوئی تنازع یا مسئلہ ہو تو اسے افہام و تفہیم اور باہمی مشاورت سے حل کیا جائے۔

انہوں نے علمائے کرام، منتظمین اور سوسائٹی کے باشعور طبقات سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھیں تاکہ فضا کو پرامن اور بھائی چارے سے بھرپور رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بغیر تصدیق کے پھیلائی جانے والی جھوٹی اور اشتعال انگیز پوسٹس سے معاشرے میں بداعتمادی اور خلفشار جنم لیتا ہے۔ اے ڈی سی جی محمد اببکر نے کہا کہ امن کارواں ضلعی سطح پر تشکیل دیا جائے گا جو تمام تحصیلوں کا دورہ کر کے محرم الحرام کی تیاریوں کا جائزہ لے گا۔ کارواں کے ذریعے منتظمین، علماء اور سکیورٹی حکام کے مابین براہ راست رابطہ قائم ہوگا، جس سے ممکنہ مسائل کو فوری حل کرنے میں مدد ملے گی۔