دبئی کی بلند و بالا رہائشی عمارت میں آتشزدگی

3 ہزار 800 سے زائد رہائشیوں کو بحفاظت نکال لیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 14 جون 2025 16:17

دبئی کی بلند و بالا رہائشی عمارت میں آتشزدگی
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جون 2025ء ) دبئی مرینا کی بلند و بالا رہائشی عمارت میں آتشزدگی کے بعد 3 ہزار 800 سے زائد رہائشیوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی مرینا میں ایک بلند و بالا رہائشی اور کمرشل ٹاور کی بالائی منزل سے آگ بھڑک اٹھی، 49ویں منزل پر رہائش پذیر ایک رہائشی نے بتایا کہ میں اپنے کمرے میں آنے والی تیز دھواں کی بو کے بعد نیند سے بیدار ہوا تو میں نے اپنے گھر کے ساتھیوں کو مجھے پکارتے ہوئے سنا اور ہم جلدی سے عمارت سے نیچے چلے گئے، جب ہم نیچے تو ہم نے اوپر ممکنہ طور پر 60 ویں یا اس سے بھی اوپر والی منزل سے گہرا دھواں اٹھتا دیکھا۔

بتایا گیا ہے کہ فائر بریگیڈ کے متعدد ٹرک اور ایمبولینس کو فوری طور پر علاقے میں تعینات کیا گیا، فائر فائٹرز 67 منزلہ عمارت میں لگنے والی آگ کو شروع ہونے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد بھی بجھا رہے تھے، خصوصی ٹیموں نے آپریشن کے دوران شہریوں کی صحت اور حفاظت کو ترجیح دیتے ہوئے 67 منزلہ عمارت سے تمام رہائشیوں کو کامیابی کے ساتھ باہر نکالا، آگ پر مکمل طور پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں، ایمبولینس ٹیمیں اور طبی عملہ بحفاظت نکالے گئے رہائشیوں کو مکمل طبی مدد فراہم کرنے کے لیے سائٹ پر موجود رہے، خصوصی یونٹوں نے مرینا پنیکل کے 764 اپارٹمنٹس سے تمام 3 ہزار 820 رہائشیوں کو بحفاظت بغیر کسی چوٹ کے نکال لیا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ یہ پہلی بار نہیں تھا جب مرینا پنیکل میں آگ لگی، اس سے پہلے 25 مئی 2015 کو فلک بوس عمارت کی 47 ویں منزل پر ایک رہائشی کے کچن میں ہونے والے واقعے کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی تھی، عمارت کی 47ویں منزل پر واقع ایک اپارٹمنٹ میں لگنے والی آگ 48ویں منزل تک پھیلی جس کے بعد دبئی سول ڈیفنس نے اس پر قابو پالیا تھا، علاوہ ازیں ایک اور اسکائی اسکریپر میں 2015ء اور 2017ء میں دو بار آگ لگی تھی۔

متعلقہ عنوان :