خون دینا کسی کو زندگی کا تحفہ دینے کے مترادف ہے، ملک عبدالناصر

معاشرے کے ہر فرد کو چاہیے کہ وہ رضاکارانہ طور پر خون دے کر انسانیت کی خدمت کرے

ہفتہ 14 جون 2025 22:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء)دنیا بھرکی طرح کراچی میں بھی ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے منایا گیا جس کا مقصد محفوظ خون کی فراہمی کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور لوگوں کو رضاکارانہ خون دینے کی ترغیب دینا ہے تاکہ قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔ اس سال کا تھیم ’’خون دو، اُمید دو: مل کر زندگی بچائیں‘‘ رکھا گیا ہے جو اس بات کو نمایاں کرتا ہے کہ ایک خون دینے والا شخص کسی مریض کے لیے نئی زندگی اور امید بن سکتا ہے۔

یہ دن نہ صرف ایمرجنسی کی صورت میں خون کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے بلکہ ایک مستحکم اور محفوظ خون کی سپلائی کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل عطیات کی ضرورت کو بھی واضح کرتا ہے تاکہ اسپتالوں اور طبی مراکز میں مریضوں کے علاج میں کسی رکاوٹ کا سامنا نہ ہو۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اے کے فاؤنڈیشن کے چیئرمین ملک عبدالناصر خلجی ایڈووکیٹ نے اپنے پیغام میں کہا کہ خون دینا نہ صرف ایک انسانی جذبہ ہے بلکہ یہ کسی کو زندگی کا تحفہ دینے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کے ہر فرد کو چاہیے کہ وہ رضاکارانہ طور پر خون دے کر انسانیت کی خدمت کرے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اے کے فاؤنڈیشن ہمیشہ سے عوامی فلاح و بہبود اور صحت کے شعبے میں عملی اقدامات کرتی آ رہی ہے اور ادارہ مختلف مقامات پر بلڈ ڈونیشن کیمپ لگا کر لوگوں کو اس کارِ خیر میں شامل کرتا ہے۔ انہوں نے حکومت اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی اس اپیل کی مکمل حمایت کی جس میں جون 2025 کے دوران 50 لاکھ رضاکارانہ خون کے عطیات دینے کی گزارش کی گئی ہے۔ ملک عبدالناصر خلجی ایڈووکیٹ نے آخر میں عوام سے اپیل کی کہ وہ اس نیکی کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ملک بھر میں خون کی قلت پر قابو پایا جا سکے اور ضرورت مند مریضوں کی زندگیاں بچائی جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :