محرم الحرام کے دوران شہر اولیاء میں ڈبل سواری اور اسلحہ کی نمائش پر سخت پابندی عائد ہوگی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد سیف

ہفتہ 14 جون 2025 20:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابو بکر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے اور مجالس و جلوسوں کے روٹس پر مثالی انتظامات یقینی بنانے کیلئے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے،یکم محرم الحرام سے قبل جلوس و مجالس کے روٹس پر لائٹنگ اور صفائی سمیت تمام انتظامات مکمل کرلئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ خصوصی اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف جلوس و مجالس کے لائسنداران و منتظمین بھی موجود تھے۔اجلاس میں محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور لائسنداران خاور حسنین بھٹہ,حاجی طاہر حسین,سید علی گیلانی ,سید علی اظہر عابدی,سید علی قاسم ,مہر شاہد عباس اورقمر نقوی سمیت دیگر نے اپنے مسائل و تجاویز بھی پیش کیں۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابو بکر نے کہا کہ ضلع ملتان میں محرم الحرام کے موقع پر ہمیشہ مثالی امن و امان کی فضا قائم رہی ہے،اس سلسلے میں ضلعی پولیس اور انتظامیہ نے فول پروف سیکورٹی پلان تشکیل دیا ہے۔محمد ابوبکر نے ہدایت کی کہ تمام محکمے جلوس روٹس پر خصوصی اقدامات کریں اور بروقت روٹس پر مرمتی کام مکمل کئے جائیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر محرم الحرام میں ڈبل سواری اور اسلحہ کی نمائش پر سخت پابندی عائد ہوگی جبکہ قانوں کو ہاتھوں میں لینے والے کے خلاف بھی سخت ایکشن ہوگا۔