ایس ایس پی آپریشنز مسعود احمد کی تاجر انصاف وفد کے ساتھ ملاقات

ہفتہ 14 جون 2025 21:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) پشاور تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ باہمی مشاورت کا سلسلہ جاری ہے محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے حوالے سے ماضی کی طرح امسال بھی تمام تاجروں سمیت تمام مسالک اور مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ رابطہ میں ہیں، محرم الحرام صبر اور استقامت کا درس دیتا ہے جس کے دوران قیام امن کی خاطر ابھی سے کام شروع کردیا گیا ہے، دیگر اہم اقدامات کے ساتھ ساتھ تمام اہم اور حساس علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی فعالی کا عمل بھی جاری ہے، ان خیالات کا اظہار ایس ایس پی آپریشنز مسعود احمد نے تاجر انصاف کے وفد کے ساتھ خصوصی ملاقات کے دوران کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز مسعود احمد نے تاجر انصاف تنظیم کے ساتھ ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور میں خصوصی ملاقات کی ہے، اس دوران ایس پی سٹی ڈویژن محمد عتیق شاہ، ایس پی فقیر آباد ڈویژن محمد ارشد خان اور صدر تاجر انصاف شاہد خان کی سربراہی میں آنے کے وفد سمیت دیگر شرکاء موجود تھے، خصوصی ملاقات کے موقع پر ایس ایس پی آپریشنز نے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے شہر میں قیام امن کو برقرار رکھنے اور بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دینے پر تاجروں کے کردار کو سراہا، انہوں نے کہا کہ شہر میں امن اور بھائی چارے کی فضاء کو فروغ دینے میں تاجران نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے، انہوں نے مزید کہا کہ تمام مسالک اور مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام اور تاجر برادری نے عید میلاد النبی ﷺ، یوم علی، محرم الحرام، عیدین اور دیگر مذہبی تقاریب کے موقع پر مثبت کردار ادا کیا ہے، جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے فوری نمٹنے کی خاطر حکومتی مشینری اور دیگر اداروں کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی آپریشنز نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ شہر کے امن کیلئے عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق پولیس اہلکار پوری ایمانداری اور جانفشانی کے ساتھ ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں، ایس ایس پی آپریشنز نے واضح کیا کہ محرم کے دوران تمام مسالک اور تاجروں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جنہوں نے ہر سال نامساعد حالات کے باوجود پولیس کے ساتھ شانہ بشانہ کام کیا اور شہر کے امن کو قائم رکھا، اس موقع پر تاجر انصاف وفد کی طرف سے مختلف تجاویز بھی پیش کئے گئے جس پر ایس ایس پی آپریشنز نے تمام تجاویز زیر غور لانے کی یقین دہانی کرائی۔