آزاد جموں و کشمیر کے شعرا کرام نے نہ صرف مزاحمتی شاعری کی بلکہ تمام اصناف میں اپنا نام پیدا کیا، ناظم آزادکشمیر کلچرل اکیڈمی راجہ محمد سجاد خان

اتوار 15 جون 2025 19:10

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2025ء) ناظم آزاد جموں و کشمیر کلچرل اکیڈمی ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے شعرا کرام نے نہ صرف مزاحمتی شاعری کی بلکہ تمام اصناف میں اپنا نام پیدا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو مظفرآباد کے شعرا سے مشاورتی نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس نشست میں مخلص وجدانی، ریٹائرڈ سیکرٹری حکومت عطا اللہ عطا، ناز مظفرآبادی،محمد طارق بٹ، ڈاکٹر آمنہ بہار، ڈاکٹر غلام حسن بٹ، چوہدری محمد رفیق، صائم راست، عبدالعزیز زخمی و دیگر نے شرکت کی۔

ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان نے ناظم آزاد جموں و کشمیر کلچرل اکیڈمی کا چارج سنبھالنے کے فوری بعد باغ سے مشاورت کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں بڑی ادبی شخصیات پیدا ہوئی، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان سب ہستیوں کو یاد رکھیں، آزاد جموں و کشمیر میں تعاون کا جذبہ خوش آئند ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رسالہ تہذیب کو ہم ایک مکمل تحقیقی اور تخلیقی مجلہ بنائیں گے۔

آزاد جموں و کشمیر میں اردو، کشمیری، گوجری، پہاڑی، شینا, پشتو، ڈوگری، پنجابی، کنڈل شاہی اور دیگر بولی جانے والی زبانوں کے فروغ کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کو تاریخی طور پر ادب، شاعری اور علمی سرگرمیوں کا گہوارہ سمجھا جاتا ہے، یہ خطہ اردو، کشمیری و دیگر زبانوں میں ادب کی بھرپور روایت رکھتا ہے، یہاں کے اسکالرز، ادیبوں، شاعروں اور فنکاروں نے نہ صرف مقامی ثقافت کو اجاگر کیا بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی شناخت بنائی۔

متعلقہ عنوان :