ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرکی سربرائی میں کھلی کچہری کا انعقاد

اتوار 15 جون 2025 19:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2025ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نورعلی کاکڑ کی سربرائی میں تحصیل میختر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ وزیر علی بلوچستان میر سرفرازبگٹی کے ویژن کے مطابق ڈپٹی کمشنرلورالائی میران بلوچ کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ لورالائی کے زیر انتظام اتوار کو منعقدہ کھلی کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر میختر یحیی خان کاکڑ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد مدثر ڈسٹرکٹ ہیلتھ أفیسر ڈاکٹر عبدالحمید لہڑی پی پی ایچ أئی اے ڈی ایس ایم عبدالسلام کاکڑ اور دیگر محکموں کے افسران کے علاوہ علاقے کے قبائلی عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر عوام نے مسائل سے آگاہ کیا جن میں تعلیم، صحت، پانی، بجلی ، زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبے شامل تھے ۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نورعلی کاکڑ نے کھلی کچہری کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو اپنے علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لیئے مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے بعد تعلیم، صحت بجلی، پانی اور دیگر بنیادی مسائل حل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام افسران اور عوامی نمائندے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں،انکے جائز اور بنیادی مسائل فوری حل کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی تعلیم ہی کے ذریعے ممکن ہے اس لئے محکمہ تعلیم کے متعلقہ افسران اور اساتذہ طلباء و طالبات کی تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقوں میں غربت و پسماندگی کی وجہ سے تقریبا 90 فیصد عوام سرکاری ہسپتالوں پر انحصار کرتے ہیں اس لئے ڈسٹرکٹ لورالائی کے تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور معاون اسٹاف عوام کے علاج و معالجے میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑیں۔