وریو خاندان کے مرحومین کی سالانہ برسی وریو ہائوس سیالکوٹ کینٹ میں انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی

اتوار 15 جون 2025 21:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2025ء) وریو خاندان کے مرحومین کی سالانہ برسی اتوار کو وریو ہائوس سیالکوٹ کینٹ میں انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ برسی کے موقع پر سابق وفاقی وزیر چوہدری عبدالستار وریو (مرحوم)، سابق صوبائی وزیر چوہدری اختر علی وریو (مرحوم) اور سابق صوبائی وزیر چوہدری خوش اختر سبحانی (مرحوم) سمیت دیگر مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے محفل سجائی گئی جس میں تلاوت کلام پاک سمیت نعت خوانی بھی کی گئی۔

برسی کے موقع پر وریو خاندان کے مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے دعائیں کی گئیں۔ معروف مذہبی اسکالر عالمی مبلغ اسلام پیر سید کرامت علی حسین شاہ نے خصوصی خطاب کیا اور لوگوں کو فکر آخرت کی تلقین کی۔ وزیر مملکت برائے منصوبہ بندی و ترقی چوہدری ارمغان سبحانی اور چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی چوہدری طارق سبحانی نے معزز مہمانوں اور حلقہ سے آئے معززین علاقہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اپنے بڑوں کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے عوامی خدمت کے سفر کو جاری و ساری رکھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوامی مشکلات کے حل کے لیے ہمارے گھر اور ڈیرے کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ سابق رکن قومی اسمبلی رانا شمیم احمد خان ،رکن صوبائی اسمبلی محمد منشااللہ بٹ، چوہدری رضا سبحانی ایڈووکیٹ، بیرسٹر چوہدری جمیل خوش اختر سبحانی سمیت چیئرمین یونین کونسل کوٹلی لوہاراں چوہدری فضل، چیئرمین یونین کونسل مراکیوال ملک زوالفقار اور حلقہ سے آئے معززین علاقہ کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر یہاں موجود تھی۔ دعائے خیر کے بعد مہمانوں کی کھانے سے تواضع بھی کی گئی۔