محکمہ اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے نے مالی سال 25-2024 کے دوران ریکارڈ 4 ارب 91 کروڑ 70 لاکھ روپے کی ریکوری کی ہے، اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا

پیر 16 جون 2025 10:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) محکمہ اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے نے مالی سال 25-2024 کے دوران ریکارڈ 4 ارب 91 کروڑ 70 لاکھ روپے کی ریکوری کی ہے۔محکمہ اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کے مطابق یہ ریکوری گزشتہ سال کے مقابلے میں 176.8 فیصد زیادہ ہے،سال 24-2023 میں اینٹی کرپشن نے مختلف عناصر سے 1 ارب 77 کروڑ 60 لاکھ روپے جبکہ مالی سال 23-2022 میں 2 ارب 3 کروڑ روپے کی ریکوری کی تھی۔

(جاری ہے)

موجودہ مالی سال میں ہونے والی 4.91 ارب روپے کی ریکوری نہ صرف ادارے کی بھرپور کارکردگی کی عکاسی کرتی ہے بلکہ اس سے صوبے کو نمایاں مالی فائدہ بھی پہنچا ہے۔محکمہ اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کے مطابق اس شاندار کامیابی کے پیچھے ادارے کی جانب سے کئے گئے مثر عملی اقدامات، بہتر نگرانی اور شفافیت کو یقینی بنانے کی حکمت عملی شامل ہے۔محکمہ اینٹی کرپشن کے مطابق مستقبل میں بھی بدعنوانی کے خاتمے اور عوامی وسائل کی حفاظت کیلئے سخت اقدامات جاری رہیں گے۔