موٹروے پولیس اہلکار کی بیٹے سے تکرار اور مبینہ دھمکی، ماں ہارٹ اٹیک سے چل بسی

ساہیوال میں ملتان روڈ پر صادق فیڈز مل کے باہر چلان کے معاملے پر موٹروے اہلکار شمعون اور ابرار نامی شہری میں تکرار اور دھکم پیل ہوئی

Sajid Ali ساجد علی پیر 16 جون 2025 13:37

موٹروے پولیس اہلکار کی بیٹے سے تکرار اور مبینہ دھمکی، ماں ہارٹ اٹیک ..
ساہیوال ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جون 2025ء ) صوبہ پنجاب کے ضلع ساہیوال موٹروے پولیس اہلکار کی جانب سے بیٹے کو مبینہ دھمکی دیئے جانے پر ساتھ کھڑی ماں ہارٹ اٹیک سے چل بسی۔ اطلاعات کے مطابق ساہیوال میں ملتان روڈ پر صادق فیڈز مل کے باہر چلان کے معاملے پر موٹروے اہلکار شمعون اور ابرار نامی شہری میں تکرار اور دھکم پیل ہوئی، اس دوران شہری ابرار کی والدہ دل کا دورہ پڑنے سے جان کی بازی ہارگئیں۔

بتایا گیا ہے کہ موٹروے پولیس اہلکار نے ابرار نامی شہری کا ہیلمٹ نہ پہننے پر چالان کیا جس پر نوجوان نے چالان جمع نہ کروانے کے لیے منت سماجت کی، تاہم اس کے بعد شہری نے چالان جمع کروا دیا اور موٹروے سب انسپکٹر کی وڈیو بنائی جس پر سب انسپکٹر کو غصہ آگیا۔ معلوم ہوا ہے کہ موٹرے پولیس اہلکار نے مبینہ طور پر نوجوان کو تھانے میں بند کرنے کی دھمکی دی اور موبائل فون چھین لیا جس پر لڑکا اور اس کی ماں وہاں منت سماجت کرتی رہیں لیکن انہوں نے نہیں سنی اور خاتون کو مبینہ طور پر دھکا دے دیا جس سے خاتون وہاں گرنے سے موقع پر ہی ہارٹ اٹیک کی وجہ سے جاں بحق ہوگئیں، مرنے والی خاتون چیچہ وطنی کی رہائشی ہیں، خاتون کے گھر والوں نے میت سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا۔

(جاری ہے)

اس معاملے پر موٹروے حکام کا مؤقف ہے کہ موٹر سائیکل سوار کو ہیلمٹ نہ پہننے کی خلاف ورزی پر روکا گیا، شہری ابرار کا ساہیوال کے قریب چالان ہوا، دھکم پیل نہیں ہوئی، جرمانہ ادا کرنے کے بعد موٹر سائیکل سوار کی والدہ کو دل کا دورہ پڑ گیا اور وہ انتقال کرگئیں، واقعے کی انکوائری کی جارہی ہے، اگر پیٹرولنگ افسران کی کوتاہی ثابت ہوئی تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔