تحصیل بہاول نگر میں کسانوں کی سہولت کے پیش نظر "کسان کارڈ ہیلپ ڈیسک" کو فعال کر دیا گیا،اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع)

پیر 16 جون 2025 15:03

بہاول نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) بہاولنگر ریحان عالم نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ھدایات کے مطابق تحصیل بہاولنگر میں کسان کارڈ سہولت سنٹر کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔ اس سہولت سنٹرکا مقصد ان کسانوں کو مدد فراہم کرنا ہے جنہیں کسان کارڈ کے استعمال میں مختلف مسائل کا سامنا تھا۔

متعدد کسان ایسے تھے جو اپنا پن کوڈ بھول چکے تھے، کچھ کے کارڈ فعال نہیں ہو رہے تھے یا ان کی بائیومیٹرک تصدیق میں مسائل درپیش تھے۔ کسان کارڈ کے گم ھونے اور دوبارہ کسان کارڈ بنوانے جیسے تمام مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے محکمہ زراعت کی جانب سے ہیلپ ڈیسک کا قیام ایک اہم قدم ہے۔ ھیلپ ڈیسک میں پنجاب بینک اور محکمہ زراعت (توسیع) کا عملہ زمینداروں کی راہنمائی کے لیے موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا تاریخ ساز منصوبہ ھے جس کے تحت تحصیل بہاولنگر میں دس ھزار (10000) کسان کارڈ تقسیم کیے جا چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے فیز میں 25ایکڑ تک کے زمینداروں کو شامل کیا گیا ہے ۔ سہولت سنٹر کا قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ کسانوں کی بڑی تعداد روزانہ اس ہیلپ ڈیسک سے رجوع کر رہی ہے اور اپنے مسائل کا فوری حل پا کر مستفید ہو رہی ہے۔ اس اقدام کو کسان برادری کی طرف سے سراہا جا رہا ہے ۔